جـــرائـــم و حـــادثــات

   

نقلی سرٹیفیکٹس کا ریاکٹ بے نقاب
دو افراد گرفتار ، سرٹیفیکٹس ضبط ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد 14 مئی ۔ ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ ایسٹ زون پولیس نے مانصاحب ٹینک پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں نقلی سرٹیفکیٹ ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا اور دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے (36) نقلی سرٹیفکیٹ ضبط کرلئے ۔ پولیس نے 40 سالہ سید عمران ساکن امان نگر تالاب کٹہ اور 24 سالہ محمد قدیر عرف جنید ساکن سیدنگر فرسٹ لانسر کو گرفتار کرلیا ۔ ٹاسک فورس کے مطابق سید عمران نقلی سرٹیفکیٹ فراہم کررہا تھا جبکہ قدیر ان نقلی سرٹیفکیٹس کو حاصل کررہا تھا ۔ ان دونوں کو چاچا نہرو پارک کے قریب سے گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ جنید اعلیٰ تعلیم کیلئے بیرونی ملک روانگی ( امریکہ ) کیلئے کوشش کررہا تھا اس نے پی جی اے کا فرضی سرٹیفکیٹ حاصل کیا ۔ سید عمران بیرون ممالک روانگی کے خواہشمند افراد کو اعلیٰ تعلیم کیلئے فرضی سرٹیفکیٹ فراہم کرتا ہے ۔ امیدوار کی تمام تفصیلات کو حاصل کرنے کے بعد عمران دہلی کے ساکن روہن عرف شام لعل کو تفصیلات روانہ کرتا ہے جس کے بعد روہن عرف شام لال مختلف یونیورسٹیز کے نقلی سرٹیفکیٹ تیار کرتے ہوئے بذریعہ کورئیر روانہ کرتا ہے ۔ عمران عرف پروفیسر عرف ڈاکٹر ان سرٹیفکیٹ کو ضرورتمندوں کے حوالے کرتے ہوئے بھاری رقم لیا کرتا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ عمران کے قبضہ سے کل (36) نقلی سرٹیفکیٹ کو ضبط کرلیا گیا اور موہن عرف شامل لال ساکن نجف گڑھ دہلی کی تلاش جاری ہے ۔ عمران سابق میں تین فوجداری مقدمات میں ملوث ہے اور اس کے خلاف (2) غیرضمانتی وارنٹس زیرالتواء تھے ۔ ع

مسابقتی امتحانات میں ناکامی کے خوف کا شکار نوجوان کی خود کشی
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : مسابقتی امتحان میں ناکامی کے خوف کا شکار ایک نوجوان نے خود کشی کرلی ۔ نارائن گوڑہ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس کے مطابق 20 سالہ پروین کمار نے ہاسٹل کے کمرے میں پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ جس کا تعلق کتہ گڈیم کے ایک تانڈے سے بتایا گیا ہے ۔ پروین کمار نے سال 2024 میں جے ای ای کا امتحان لکھا تھا جس میں رینک حاصل نہیں ہوا ۔ اور وہ شہر منتقل ہوگیا اور دہلی کے ایک انسٹی ٹیوٹ سے آن لائن کوچنگ حاصل کررہا تھا ۔ پروین کی اس مرتبہ بھی ناکامی کا خوف پیدا ہوگیا اور اس نے خود کشی کرلی ۔ نارائن پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع

کردار پر شک ، شوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بیوی کے کردار پر شک کرنے والے شوہر نے اس کا قتل کردیا ۔ یہ واقعہ بالا پور پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 30 سالہ نازیہ بیگم کا اس کے شوہر ذاکر نے قتل کردیا ۔ ذاکر بالا پور گرین ہلز کالونی میں اپنی بیوی اور تین بچوں کے ساتھ رہتا تھا ۔ یہ خاندان پہلے قلعہ گولکنڈہ میں رہتا تھا ۔ جو حالیہ دنوں گرین ہلز کالونی منتقل ہوئے تھے ۔ نازیہ پیشہ سے ایونٹ کمپنی میں کام کرتی تھی ۔ اس وجہ سے خاتون کی مصروفیت کے سبب فون کالس آیا کرتے تھے ۔ اس بات سے شوہر کو بیوی کے کردار پر شک پیدا ہوگیا ۔ اور وہ جھگڑے کرنے لگا ۔ کل رات جھگڑے کے بعد اس نے بیوی پر لاٹھی سے حملہ کردیا اور گلا گھونٹ کر نازیہ کا قتل کردیا اور نازیہ کی والدہ کو اطلاع دے کر فرار ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع

پانی کے گڑھے میں دو کمسن بچے غرق
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : اپل کے علاقہ میں پیش آئے دلسوز واقعہ میں دو کمسن بچے پانی کے گڑھے میں غرق ہوگئے جو کھیلنے کے لیے اپنے گھر سے نکلے تھے ۔ بچے دو دن سے لاپتہ تھے ۔ اپل پولیس نے مقامی عوام کی شکایت پر اپل بھگایت کے قریب ایک پانی کے گڑھے سے ان نعشوں کو برآمد کرلیا ۔ اپل پولیس نے ڈی آر ایف ٹیم کی مدد سے پانی کے گڑھے ک تلاشی لی اور 8 سالہ ارجن اور گیارہ سالہ منی کنٹہ کی نعشوں کو برآمد کرلیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع

شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی مار پیٹ و ہراسانی کا شکار خاتون کی خود کشی
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی مار پیٹ اور ہراسانی کا شکار ایک خاتون نے خود کشی کرلی ۔ ایل بی نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 29 سالہ جاسمین نے خود کشی کرلی ۔ جاسمین ایل بی نگر علاقہ کے ساکن شخص راج شیکھر کی بیوی تھی ۔ ان کی شادی سال 2021 میں ہوئی تھی ۔ خاتون کی کوئی اولاد نہیں تھی ۔ جو شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی اذیت رسانی کا شکار تھی ایک مرتبہ پنچایت بیٹھانے کے باوجود بھی کوئی حل نہیں نکلا جس سے دل برداشتہ ہو کر خود کشی کرلی ۔ ایل بی نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع