جـــرائـــم و حـــادثــات

   

نقلی پولیس کی ٹولی بے نقاب ، 5 افراد گرفتار
حیدرآباد۔ 17 جون (سیاست نیوز) عنبرپیٹ پولیس نے نقلی پولیس کی ایک شاطر ٹولی کو بے نقاب کیا ہے جو خود کو پولیس ظاہر کرتے ہوئے عوام کو لوٹ رہی تھی۔ عنبرپیٹ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ٹولی کے 5 ارکان کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک ملزم مفرور بتایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس سکندرآباد زون رکھشیتا مورتی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 36 سالہ منچالہ سنتوش کمار ساکن جیڈی میٹلہ، 33 سالہ سوریہ ومشی سنتوش کمار عرف سنتو ساکن عنبرپیٹ، 24 سالہ سی سریکانت ساکن عنبرپیٹ متوطن جھرہ سنگم، 30 سالہ ای راگھوویر ساکن عنبرپیٹ اور 34 سالہ بی دیوا ساکن رامنتاپور کو گرفتار کرلیا جبکہ دیپک مفرور بتایا گیا ہے۔ڈی سی پی کے مطابق ایک رئیل اسٹیٹ تاجر کو دھمکاکر اس کی رقم لوٹ لی گئی تھی۔ اس ٹولی نے خود کو ٹاسک فورس سے وابستہ ظاہر کیا اور سونے کی اسمگلنگ کے معاملے میں ملوث بتاکر شکایت کنندہ ہری بابو ساکن کوکٹ پلی سے رقم لوٹ لی تھی۔ محمد حفیظ الدین ڈی آئی عنبرپیٹ کی ٹیم نے تحقیقات کرتے ہوئے اس ٹولی کو بے نقاب کیا اور مفرور کی تلاش جاری ہے۔عJM

کانسٹیبل پر بندوق دِکھاکر ریسٹورنٹ مالک کو دھمکانے کا الزام
حیدرآباد۔17 جون (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقہ میں غنڈہ عناصر کے خلاف کارروائی اور انہیں قابو میں رکھنے کے اقدامات میں مصروف پولیس کیلئے اب خود کے محکمہ سے وابستہ افراد ہی مسئلہ بنتے جارہے ہیں۔ غنڈہ عناصر کی غنڈہ گردی سے پریشان پولیس کیلئے ایک واقعہ نے مزید الجھن کا شکار بنادیا جہاں کانسٹیبل کی مبینہ غنڈہ گردی کا واقعہ منظر عام پر آیا اور عوام پولیس کی کارروائی کے منتظر ہیں۔ گچی باؤلی کے علاقہ میں واقع ایک ریسٹورنٹ میں ہنگامہ کرتے ہوئے ریسٹورنٹ مالک کو بندوق دکھاکر دھمکانے کا ایک پولیس کانسٹبل پر سنگین الزامات پائے جاتے ہیں۔ ریسٹورنٹ میں غنڈہ عناصر کی طرح حرکت کرتے ہوئے بندوق دکھاکر بدسلوکی کی گئی اور دھمکایا گیا۔اس واقعہ کی شکایت کے بعد گچی باؤلی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ ریسٹورنٹ ہی موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کے بعد عینی شاہدین سے پوچھ تاچھ کے بعد پولیس نے کارروائی کا تیقن دیا ہے۔عJM

عثمانیہ ڈینٹل میڈیکل کالج کے 12 طلباء کے خلاف کارروائی ، چھ ماہ کیلئے معطل ، ریاگنگ کا شاخسانہ
حیدرآباد : /17 جون (سیاست نیوز) سلطان بازار پولیس نے عثمانیہ میڈیکل کالج میں سینئر طلباء کی جانب جونیئر طلباء کو ریگنگ کرنے پر ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ پولیس کے مطابق عثمانیہ میڈیکل کالج کے ڈینٹل کالج کے سینئر طلباء نے اپنے جونیئر بی ڈی ایس طلباء کو نئے تعلیمی سال کے آغاز پر ہراساں کیا تھا جس پر جونیئرس کو ذہنی اور جسمانی اذیتیں دی گئیں ۔ سال اول کے جونیئر طلباء نے کالج کے پرنسپل سنجیو سنگھ یادو کو اس سلسلہ میں آگاہ کرنے پر انہوں نے سلطان بازار پولیس سے اس سلسلہ میں شکایت درج کروائی ۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد 12 طلباء کے خلاف انسداد ریاگنگ ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا ہے اور ریانگ میں ملوث طلباء کو 6 ماہ کیلئے معطل کردیا گیا ۔کالج پرنسپل سنجیو سنگھ یادو نے بتایا کہ یہ واقعہ عثمانیہ کے گورنمنٹ ڈینٹل کالج میں پیش آیا اور کالج انتظامیہ نے اس واقعہ میں ملوث طلباء کے خلاف سخت کارروائی کی ہے اور آئندہ بھی ریاگنگ جیسے حرکتوں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا ۔ بy/