کابل ۔ مشرقی افغان شہر جلال آباد میں آج دو مختلف بم دھماکوں میں کم از کم 3افراد ہلاک اور 19 دیگر زخمی ہو گئے۔ ان دھماکوں میں طالبان کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ افغانستان کے مشرقی حصوں میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ بھی سرگرم ہے اور اس نیٹ ورک کے جنگجو طالبان کو دشمن قرار دیتے ہیں۔ قبل ازیں آج ہی کابل کے مغربی حصے میں بھی بم دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ یہ دھماکہ ہزارا برادری کی اکثریت والے علاقہ ڈسٹرکٹ تیرہ میں ہوا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق اس حملے میں ممکنہ طور پر دیسی ساختہ بم استعمال ہوا ہے۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ دھماکے میں کتنا جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ ابھی تک گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔