جماعت پر عائد پابندی ختم کرکے انہیں جمہوری عمل میںشرکت کی اجازت دی جائے :عمر عبداللہ
سری نگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اتوارکے روز کہاکہ جماعت اسلامی کی جانب سے جمہوری عمل میں حصہ لینا خوش آئند بات ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے تھے کہ جماعت اسلامی پرعائد پابندی کو ہٹایا جائے تاکہ وہ اپنی جماعت کے نام پر الیکشن میں حصہ لے سکیں ، اگر یہ ممکن نہیں آزاد امیدوار ہی سہی۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے گاندربل میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔عمر عبداللہ نے کہاکہ مجھے اس بات پر خوشی ہے کہ وزیر داخلہ نے نیشنل کانفرنس کے منشورکا جائزہ لیا اور اس پر اپنی رائے کا اظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ امیت شاہ کو نیشنل کانفرنس کا منشور نظر آیا یہ بہت بڑی بات ہے۔جماعت اسلامی کی جانب سے الیکشن میں حصہ لینے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہاکہ قومی روزناموں میں خبر چھپی ہے کہ جماعت اسلامی آزاد امیدواروں کی حمایت کرئے گی۔انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے تھے کہ جماعت اسلامی پر عائد پابندی کو ختم کرکے انہیں جمہوری عمل میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے لیکن اگر جماعت اسلامی آزاد امیدوار وں کو میدان میں اتارنے کے بارے میںسوچ رہی ہے تو اس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔ اس سے قبل عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران عمر عبداللہ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کی جیت یقینی ہے۔ پی ڈی پی صدرکو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کہتی ہیں کہ اگر نیشنل کانفرنس اْن کا ایجنڈا تسلیم کرے گی تو وہ اپنے اْمیدوار میدان میں نہیں اْتاریں گی اور نیشنل کانفرنس اورکانگریس کی مدد کیلئے آگے آئیں گی لیکن جب پی ڈی پی کے کل جاری کئے گئے منشور پر نظر ڈالی جاتی ہے تو یہ منشور نیشنل کانفرنس کے منشورکی نقل لکتا ہے، 19بیس کا تھوڑا بھی فرق ہوتا تو ہم کہتے کہ یہ مختلف ہے۔ پی ڈی پی نے اپنے ایجنڈا میں ہمارا منشور ڈال دیا ہے ، اب اْن کے ایجنڈا اور ہمارے ایجنڈا میں کوئی خاص فرق نہیں ہے، تو واپس لیجئے اپنے اْمیدواروں کے نام اور ہماری مدد کیلئے نکلئے، ہم جموں وکشمیر کا ایک بہترمستقبل تلاش کریںگے۔انہوں نے کہا کہ جملے بازی ،زبانی جمع خرچ اور عملی طور پرکرکے دکھانے میں بہت فرق ہوتا ہے، یہ نیشنل کانفر نس ہی تھی جنہوں نے آپ(پی ڈی پی)کو 2015میں بی جے پی کو حکومت سے دور رکھنے کیلئے غیر مشروط حمایت دینے کی پہل کی تھی۔انہوں نے کہا کہ عوام کو راحت پہنچانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ جہاں جہاں ہم نے لوگوں کی تکلیفیں دیکھیں ہم نے کہا کہ اگر ہم الیکشن جیت کر حکومت میں آئے تو ہم یہ تکلیفیں دور کریںگے۔ہم نے اپنا منشور عوامی عدالت میں رکھ دیا ہے ، ہم نے دیکھا کہ بجلی اور پینے کے پانی کی بلیں ادا کرنا مشکل ہے۔
عمر عبداللہ حلقہ گاندربل سے اسمبلی الیکشن لڑیں گے
سری نگر : سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر اور نائب صدر نیشنل کانفرنس (این سی) عمر عبداللہ حلقہ گاندربل سے اسمبلی الیکشن لڑیں گے ۔ یہ اعلان رکن لوک سبھا سید روح اللہ مہدی اور صوبائی صدر نیشنل کانفرنس نصیر اسلم وانی نے اتوار کو عمر عبداللہ اور سینئر پارٹی قائد و رکن پارلیمنٹ حلقہ اننت ناگ ، راجوری میاں الطاف احمد کی موجودگی میں کیا ۔ عمر عبداللہ ضلع گاندربل کے موضع نونیر آئے ہوئے تھے ۔ جہاں ایک سیاسی کارکن صائم مصطفی نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔ صائم مصطفی نے سری نگر نشست سے لوک سبھا الیکشن لڑا تھا ۔