جماعت المجاہدین کے رکن کی چینائی میں گرفتاری

   

کولکتہ۔11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے جماعت المجاہدین بنگلہ دیش کے ایک مشتبہ کارندے کو منگل کے دن چینائی میں گرفتار کرلیا۔ 35 سالہ اسد اللہ شیخ عرف راجا مغربی بنگال کے ضلع پوربا پوردن کے رہنے والے ہیں۔ انہیں چینائی کے نیلنگاری کے علاقے سے ان کے خفیہ ٹھکانے سے گرفتار کیا گیا۔ ایس ٹی ایف کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ’’ہمیں اطلاعات ملی تھیں کہ راجا چینائی میں روپوش ہیں۔ ہمارے افسروں نے ان کے ٹھکانوں پر دھاوا بول دیا اور انہیں گرفتار کرلیا۔ ان کے پاس سے متعدد اہم دستاویزات اور ایک موبائل فون دستیاب ہوا۔ اگست کے آخری ہفتہ سے اب تک کولکتہ کی ایس ٹی ایف پولیس نے جماعت المجاہدین بنگلہ دیش کے پانچ مشتبہ عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا۔

سوپور میں مڈبھیڑ،لشکر کا جنگجو ہلاک
سرینگر،11ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)جموں و کشمیر میں بارہمولہ ضلع کے سوپور میں بدھ کو سلامتی دستوں کے محاصرہ اور تلاشی مہم کے دوران ہوئی مڈبھیڑ میں لشکر طیبہ کا مطلوب جنگجو مارا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سلامتی دستوں نے سوپور میں صبح مشترکہ مہم شروع کی تھی۔اس دوران سلامتی دستوں کے ساتھ ہوئی مڈبھیڑ میں لشکرطیبہ کا جنگجوماراگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ مارے گئے شخص کی شناخت لشکرطیبہ کے جنگجو آصف کے طورپر ہوئی ہے ۔یہ شمالی کشمیر میں کئی سرگرمیوں میں مطلوب تھا۔