سڈنی ۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز کے آخری میچ میں پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 313 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جواب میں پہلے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے 6 رنز بنا لیے۔ آسٹریلوی اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ کل پھر سے پہلی اننگز کا آغاز کریں گے۔ سڈنی میں ٹاس جیت کر پاکستان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور یہ اْس وقت غلط ثابت ہوا جب دونوں ہی اوپنرز بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ سڈنی میں سیریز کے کھیلے جارہے تیسرے میچ میں اوپنرز عبداللّٰہ شفیق اور ڈیبیوکرنے والے صائم ایوب نے انتہائی مایوس کن آغازکیا، دونوں ہی اوپنرز نے 2 ہی گیندوں کا سامنا کیا اور کوئی رن نہ بنا سکے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 39 رنز پرگری جب بابر اعظم 26 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، چوتھے آوٹ ہونے والے کھلاڑی سعود شکیل تھے وہ 5 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی پانچویں وکٹ 96 رنز پرگری، شان مسعود 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آدھی ٹیم کے پویلین لوٹ جانے کے بعد محمد رضوان اور آغا سلمان نے پارٹنرشپ قائم کی اور اسکور بڑھانے کا سلسہ جاری رکھا، اس دوران محمد رضوان نے 74 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی۔ دونوں بیٹرزکی ذمے دارانہ پارٹنرشپ سے ٹیم کا اسکور 190رنز تک پہنچا جس کے بعد محمد رضوان 88 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی ساتویں وکٹ 220 رنز پر گری، ساجد خان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس دوران آغا سلمان 64 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی۔ پاکستان کی آٹھویں وکٹ 226 رنز پرگری جب آغا سلمان 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نویں وکٹ ایک رن بعد ہی گرگئی جب حسن علی صفر پر آؤٹ ہوئے۔آخری وکٹ پر عامر جمال اور حمزہ علی نے آسٹریلوی بولرز کے سامنے مزاحمت دکھائی، اس دوران ایک سرے سے عامر جمال نے 71 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری اسکورکی۔ پاکستانی ٹیل اینڈرزکی مزاحمت 77.1 اوورز میں 313 رنز پر ختم ہوئی، جب عامر جمال 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے 5، مچل اسٹارک 2، جوش ہیزل ووڈ، نیتھن لائن اور مچل مارش نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔
عامر جمال کی سوشل میڈیا پر دھوم
سڈنی ۔ سڈنی میں رواں ٹسٹ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف فاسٹ بولر عامر جمال کی شاندار بیٹنگ کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہورہے ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹسٹ کی پہلی اننگز میں عامر جمال نے 97 گیندیں کھیل کر 82 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 9 چوکے اور 4 چھکے بھی لگائے۔اب سوشل میڈیا پر آسٹریلوی فاسٹ بولرز کے سامنے ڈٹ کر مزاحمت کرنے پر عامر جمال کی تعریفیں کی جارہی ہیں۔کئی لوگوں نے سوشل میڈیا پر عامر جمال کے شاٹس کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں۔ایک اکاؤنٹ سے عامر جمال کی مزاحمت کو فلمی سین سے بھی تشبیہ دے دی گئی۔اس کے علاوہ بھی کئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے عامر جمال کی تعریفوں کا سلسلہ جاری ہے۔واضح رہے کہ پہلی اننگز میں عامر جمال اور میر حمزہ نے آخری وکٹ پر پارٹنر شپ قائم کر کے ٹیم کا اسکور 227 رنز سے 313 تک پہنچایا جس کے بعد عامر جمال 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔