مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کا بیان
حیدرآباد ۔19۔اکتوبر (سیاست نیوز) امیر امارت ملت اسلامیہ تلنگانہ و آندھراپردیش مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے غزہ میں ایک ہفتہ سے زائد عرصہ سے اسرائیلی بمباری اور بے گناہ فلسطینیوں کی شہادتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے عالم اسلام کے تمام مسلمانوں سے جمعہ 20 اکتوبر کو گھروں ، مساجد اور اجتماعات میں شہداء کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاؤں کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے حالات اس وقت تک تبدیل نہیں ہوں گے جب تک مسلم حکمراں نہ جاگیں۔ مولانا نے کہا کہ ظالم اسرائیلیوں نے درندگی اور حیوانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ کے ہاسپٹل پر بمباری کی جس کے نتیجہ میں سینکڑوں اموات وا قع ہوئی ہیں۔ افسوس اس بات پر ہے کہ قومی اور بین الاقوامی میڈیا ظالم کی مذمت کے بجائے مظلوموں کو دہشت گرد قرار دے رہے ہیں۔ مولانا جعفر پاشاہ نے کہا کہ اسرائیلی درندے پانی اور غذا بند کر کے خوش ہیں لیکن اہل غزہ جنت کی غذاء سے سیراب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ فلسطینیوں پر بمباری اور دیگر مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ مولانا جعفر پاشاہ نے جمعہ کے موقع پر مساجد اور گھروں کے علاوہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں خصوصی دعاؤں کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کو فوری حرکت میں آتے ہوئے فلسطینیوں کے تحفظ کیلئے عملی قدم اٹھانا چاہئے ۔