نئی دہلی: جمعیت علماء ہند کی جانب سے ملک کی موجود ہ حالات میں بہتری لانے کے مقصد سے سدبھاؤنا پروگرام کا اہتمام کیاگیا۔ اس موقع پر مذہبی رہنماؤں نے ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے اور ملک کو بچانے کے لیے ایک متحدہ تحریک چلانے پر اتفاق کیاہے۔ اپنے خصوصی خطاب میں سرودھرم سنسد کے نیشنل کنوینر گوسوامی سشیل جی مہاراج نے کہا کہ آج ہندوستان ایک ایسے موڑ پر ہے جہاں اس طرح کے پروگرام کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے ۔آج کل ٹی وی پر جو بحث ہورہی ہے ، اس پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے سماج میں زہر گھو ل دیا ہے ، جس سے دیش میں فرقہ پرستی کا ماحول خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے ۔ لیکن یہ یاد رکھیں کہ جو لوگ دیش کو توڑنا چاہتے ہیں ، وہ کبھی کامیاب نہیں ہو ں گے ، یہ بھارت سب کا ہے اور ہمیشہ سب کا رہے گا ۔ اس ملک کے لیے سبھی نے قربانی دی ہے ،جس کی علامت سوسالہ جماعت جمعیۃ علماء ہند ہے ،اس لیے کوئی کسی کی راشٹریہ بھکتی سے سوال نہیں اٹھا سکتا۔انھوں نے کہ ہم سرودھرم سنسد کی طرف سے جمعیۃ کی تحریک کی پرزور حمایت کرتے ہیں ۔