جموں: جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے واضح کیا ہے کہ جموں میں سیاحت کو فروغ دینے کی خاطر حکومت زمینی سطح پر کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سرکار اس حوالے سے بیداری مہم بھی شروع کرے گی۔ یو این آئی اردو نامہ نگار کے مطابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بی جے پی ممبر اسمبلی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہاکہ جموں کے تمام باشندے اور ممبران اسمبلی اس بات پر پریشان نظر آرہے ہیں کہ جموں شہر کی سیاحت کا کیا ہوگا کیونکہ انہیں ڈر ہے ریل سروس شروع ہونے کی وجہ سے جموں شہر کو فائدہ نہیں ملے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بدقسمتی سے گزشتہ برسوں کے دوران جموں میں سیاحت کوفروغ دینے کی خاطر زیادہ کچھ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ماتا ویشنو دیوی مندر پر ہر سال زائد از ایک کروڑ یاتری حاضری دینے کی خاطر آتے ہیں لیکن وہ جموں شہر کا دورہ کرنے سے قاصر نظر آرہے ہیں۔ عمر عبداللہ نے کہاکہ اگرایک کروڑ یاتریوں میں سے صرف دس سے 15فیصد جموں کا دورہ کریں گے تو یہاں پر اس شعبے سے جڑے لوگوں کو فائدہ ملے گا۔