جموں وکشمیر میں شراب اور منشیات کی وبا : التجا مفتی

   

سری نگر : پی ڈی پی لیڈر اور پارٹی صدر محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی نے شراب اور منشیات کے پھیلاؤ کو سنجیدہ مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں شراب اور منشیات کی وبا آگ کی طرح پھیل رہی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے نوجوان نشے کے عادی بن رہے ہیں جو ہمارے سماج کا تانا بانا متاثر ہو رہا ہے ۔ انہوں نے مرکزی اور جموں و کشمیر سرکار سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر کو بھی بہار، گجرات اور تامل ناڈو کی طرح شراب سے پاک خطہ بنائیں۔ موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار ہفتہ کو یہاں پارٹی ہیڈر کوارٹر میں شراب کے خلاف ایک دستخطی مہم شروع کرنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں شراب اور منشیات کے خلاف ایک دستخطی مہم شروع کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں، جموں و کشمیر میں شراب،منشیات آگ کی طرح پھیل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ایک رکن اسمبلی فیاض میر صاحب نے شراب کے خلاف بل متعارف کیا ہے ہماری لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ ہماری اس مہم کا بھر پور سپورٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان منشیات اور شراب کے عادی بن رہے ہیں جس سے ہمارے سماج کا تانا بانا متاثر ہو رہا ہے ۔