نئی دہلی، 11 نومبر (آئی اے این ایس) جموں وکشمیر نے رانجی ٹرافی میں پہلی مرتبہ دہلی کو شکست دے کر ایک نئی تاریخ بنائی ہے۔ منگل کے روز ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں مہمان ٹیم نے دہلی کو سات وکٹوں سے شکست دی ۔ یہ رواں سیزن میں ان کی دوسری شاندارجیت تھی، جس کے بعد وہ ایلیٹ گروپ ڈی کے پوائنٹس ٹیبل میں ممبئی کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ٹاس جیت کر جموں وکشمیر نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور عاقب نبی نے شاندارکارکردگی دکھاتے ہوئے 35 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کا ساتھ وشنج شرما (57 رنز پر 2 وکٹیں) اور عابد مشتاق (30 رنز پر 2 وکٹیں) نے دیا، جس کے نتیجے میں دہلی کی ٹیم پہلی اننگز میں211 رنز پر آل آؤٹ ہوئی۔جواب میں کشمیر کا ٹاپ آرڈر بھی جلد ہی پویلین لوٹ گیا لیکن کپتان پرس ڈوگرا کی 183 گیندوں پر106 رنزکی شاندار اننگز، عبدالصمد کے 115 گیندوں پر85 رنز اور کنہیا وادھوان کے 81 گیندوں پر تیز رفتار47 رنز کی بدولت ٹیم نے مجموعی طور پر310 رنز بناکر 91 رنزکی اہم برتری حاصل کی۔دہلی نے دوسری اننگز میں267/5 پر کھیل پرگرفت مضبوط کر لی تھی۔ کپتان آیوش بڈونی نے73 گیندوں پر72 رنز اور آیوش دوسریہ نے 88 گیندوں پر 62 رنز بنائے، لیکن اچانک بیٹنگ لائن اپ بکھرگئی اور آخری پانچ وکٹیں صرف 10 رنزکے اضافے پرگرگئیں۔ پوری ٹیم 277 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 179 رنز کا ہدف دیا۔بائیں ہاتھ کے اسپنر وشنج دہلی کی تباہی کے بنیادی معمار ثابت ہوئے۔ انہوں نے صرف اپنے چوتھے فرسٹ کلاس میچ میں تیسری بار پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا اور 68 رنز کے عوض 6 وکٹیں لے کر ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔تیسرے دن کے اختتام پر جموں و کشمیر نے2 وکٹوں کے نقصان پر 55 رنز بنا لیے تھے۔ قمراں اقبال اور وشنج نے آخری روز اننگز دوبارہ شروع کی جہاں کشمیر کو مزید 124 رنز درکار تھے۔ چوتھے دن قمراں اقبال کی شاندار اور کیریئر کی بہترین ناقابل شکست133 رنزکی اننگز نے جموں وکشمیر کو دہلی کے خلاف 43 ویں میچ میں تاریخی جیت دلا دی۔