بس اور ریلوے اسٹیشنوں پر ہجوم، ٹکٹس کی قیمتوں میں اضافہ
حیدرآباد 14اپریل (یو این آئی )جمہوریت کے جشن میں حصہ لینے کے بعد ہزاروں افراد کی اپنی آبائی ریاست آندھراپردیش سے حیدرآباد واپسی کا سلسلہ جاری ہے ۔یہ افراد حق رائے دہی سے استفادہ کیلئے بڑی تعداد میں حیدرآباد سے اے پی کے مختلف مقامات کے لئے روانہ ہوئے تھے جس کے لئے خصوصی بسوں اور ٹرینوں میں بوگیوں کا انتظام کیاگیا تھا۔ دونوں تلگوریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں پہلے مرحلہ میں 11اپریل کو ووٹ ڈالے گئے تھے جس میں حصہ لینے کے لئے پڑوسی ریاست اے پی کے حیدرآباد میں مقیم افراد کی روانگی ہوئی تھی جن کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے ۔ہر سال سنکرانتی تہوار منانے کے لئے حیدرآباد میں مقیم آندھرائی افراد کی بڑی تعداد اپنی آبائی ریاست جاتی ہے جس کے لئے آندھراتک خصوصی بسوں، خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیاجاتا ہے اوریہاں تک کہ پرائیویٹ بسوں میں بھی عوام کا ہجوم دیکھاجاتا ہے ، اس مرتبہ انتخابات کے پیش نظر سنکرانتی کی طرح صورتحال ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹیشنوں میں دیکھی گئی تھی اور اب ان افراد کی واپسی کے لئے خصوصی بسوں کا انتظام کیاگیا ہے ۔اس طرح اے پی کے مختلف بس اور ریلوے اسٹیشنوں میں عوام کا ہجوم دیکھاجارہا ہے ۔وشاکھاایکسپریس،گوداوری ایکسپریس میں مسافرین کی بڑی تعداد دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ٹرینوں میں جنرل بوگی سمیت سلیپر کلاس بوگی میں بھی مسافرین کا اژدھام دیکھاجارہا ہے ۔اس کافائدہ بعض پرائیویٹ ٹراویلس نے بھی اٹھایا ہے جنہوں نے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیاہے ۔ایسی ہی صورتحال ایلورو،راجہ مہیندراورم، تروپتی، کرنول، اننت پور علاقوں سے حیدرآباد آنے والی بسوں کے ٹکٹوں میں دیکھی جارہی ہے ۔ ہجوم کے پیش نظر آرٹی سی کی جانب سے روزانہ چلائی جانے والی 540بسوں کے علاوہ اضافی طور پر300بسیں چلائی جارہی ہیں۔ساوتھ سنٹرل وریلوے نے عارضی طورپر بعض بوگیوں کے اضافہ کا اعلان کیا ہے ۔کاچی گوڑہ۔رے پلی،کاچی گوڑہ ٹرین نمبر17625/17626ڈیلٹا ایکسپریس میں اس ماہ کی 30تاریخ تک ایک تھرڈ اے سی بوگی کا اضافہ کیاگیا ہے ۔گنٹور۔وقار آباد۔گنٹور پلناڈو ایکسپریس ٹرین نمبر12747/12748میں ایک بوگی کا اضافہ کیاگیا ہے ۔گنٹور۔وشاکھاپٹنم۔گنٹور ٹرین نمبر17239/17240،سمہادری ایکسپریس میں بھی بوگیوں کا اضافہ کیاگیا ہے ۔اسی طرح وجئے واڑہ۔لنگم پلی۔وجئے واڑہ انٹرسٹی ایکسپریس ٹرین 12795/12796 میں بھی بوگی کا اضافہ کیاگیا ہے ۔یہ بوگیاں اس ماہ کی 15تاریخ تک دستیا ب رہیں گی۔کئی افراد اپنی خود کی گاڑیوں میں واپسی کر رہے ہیں جس سے وجئے واڑہ قومی شاہراہ کے پتنگی ٹول پلازہ میں ٹریفک جام ہوگئی ہے ۔
