جن وشواس بل بدعنوانی اور دھوکہ دہی کو فروغ دے گا:کانگریس

   

نئی دہلی، یکم اپریل (یو این آئی) کانگریس نے آج لوک سبھا میں ’جن وشواس (دفعات میں ترمیم) بل 2026‘ کو بدعنوانی اور نااہلی کو فروغ دینے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کسانوں، مزدوروں اور دستکار مخالف ہے۔ کانگریس کے چمالہ کرن کمار ریڈی نے بل پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل بدعنوانی، دھوکہ دہی اور نااہلی کو فروغ دینے والا ہے جو اصلاحات کے نام پر لایا گیا ہے لیکن یہ اس کے برعکس کام کرے گا۔ حکومت کئی قوانین میں سزا کے التزام کو ختم کرنے کے لیے اسے لے کر آئی ہے جو ایک بہت بڑا مسئلہ بن سکتا ہے ۔ ہمارے ہاں خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سخت قوانین موجود ہیں لیکن اس سے خواتین کا تحفظ کمزور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نقلی ادویات بنانے والوں کو تحفظ حاصل ہوگا۔ نقلی ادویات بنانے کا ایک بڑا ریکیٹ چل رہا ہے اور اس بل سے اس طرح کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسان، مزدور اور دستکار ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ یہ لوگ پہلے ہی دباؤ میں کام کر رہے ہیں اور اس بل سے یہ طبقات مزید دباؤ میں آ جائیں گے ۔
حکومت نے کسانوں کے مفادات کو نظر انداز کرتے ہوئے ان کے حقوق چھیننے کا کام کیا ہے ۔
بی جے پی کے تیجسوی سوریا نے کہا کہ بڑے پیمانے پر جرائم کی فہرست سے نکالنے کا عمل آزاد ہندوستان میں پہلی بار کیا جا رہا ہے ۔ اس بل کے ذریعے ایک ہزار سے زیادہ چھوٹے چھوٹے جرائم کو فوجداری زمرے سے نکال دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے قوانین میں طریقہ کار کی جو خامیاں تھیں انہیں ختم کر کے حکومت نے بڑا کام کیا ہے ۔ اس سے حکومت نے بے اعتمادی سے اعتماد کی طرف قدم بڑھایا ہے ۔ اس سے کاروبار میں آسانی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اس بل کو بدعنوانی کو فروغ دینے والا بتایا ہے جو سچ نہیں ہے ۔