جن پنگ کو ٹرمپ کے میٹنگ ادھوری چھوڑجانے کا خوف

   

واشنگٹن ۔ 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے معاشی مشیراعلیٰ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ صدر چین ژی جن پنگ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ اس وقت تک بات کرنے ’’ڈر‘‘ رہے ہیں جب تک دونوں ممالک کے درمیان تجارتی بات چیت اختتام پذیر نہیں ہوجاتی۔ وائیٹ ہاؤس کی قومی معاشی کونسل کے ڈائرکٹر لیری کڈلو نے بتایا کہ ژی جن پنگ اس بات کے خواہاں ہیں کہ تجارتی بات چیت کے ذریعہ پہلے سب کچھ طے کرلیا جائے کیونکہ اس کے بغیر اگر ٹرمپ سے بات چیت کے دور کا آغاز کیا گیا تو انہیں (جن پنگ) ڈر ہیکہ ٹرمپ کہیں درمیان سے ہی بات چیت ختم نہ کردیں جیسا کہ شمالی کوریا کے قائد کم جونگ کے ساتھ ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں ہوچکا ہے۔ مسٹر کڈلو نے مزید کہا کہ ژی جن پنگ اب صرف دستخطی تقریب میں شرکت کے خواہاں ہیں، بات چیت کا دور چلانے کے موڈ میں نہیں ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ کڈلو نے جمعرات کے روز تجارتی بات چیت کے سیشن سے خطاب بھی کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت کو قطعیت دینے میں ابھی مزید وقت درکار ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے چہارشنبہ کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر چین کے ساتھ تجارتی بات چیت کے نتائج ان کو (ٹرمپ) پسند نہیں آئے تو چین کے ساتھ بات چیت کو بھی ادھورا چھوڑ دیں گے۔