جنا سینا پارٹی کو کارکرد بنانے کی حکمت عملی، صدر پارٹی پون کلیان کا خطاب

   

مقامی ادارہ جاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے پارٹی قائدین کو مشورہ
حیدرآباد۔/20اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ممتاز فلم ایکٹر و صدر جنا سینا پارٹی مسٹر پون کلیان نے آج دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ و آندھرا پردیش میں جنا سینا پارٹی کو از سرنو کارکرد بنانے کے لائحہ عمل اور حکمت عملی کو قطعیت دینے کے مسئلہ پر ایک اجلاس میں جائزہ لیا جس میں پون کلیان نے ریاست میں عوام کو درپیش مسائل اور آندھرا پردیش میں آئندہ دنوں میں منعقد ہونے والے ادارہ جات مقامی کے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے تیار رہنے کیلئے قائدین نے مشورہ حاصل کیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق صدر جنا سینا پارٹی قائدین کی ہمت افزائی کرنے کے اقدامات کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ نوجوان قیادت کو مضبوط و مستحکم بنانے کیلئے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا پارٹی قائدین کو مشورہ دیا۔ ذرائع کے مطابق پون کلیان نے آندھرا پردیش حکومت کی کارکردگی، ریاستی حکومت کے فلاح و بہبودی پروگراموں و اسکیمات پر عمل میں ناکامی، آندھرا پردیش میں برقی کے سنگین بحران، کسانوں کو درپیش مختلف مسائل، جنا سینا پارٹی قائدین و کارکنوں کے ساتھ عہدیداروں و پولیس کی مبینہ جانبداری و زیادتیوں کے ساتھ ساتھ پیش آنے والے حملوں کے واقعات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر پون کلیان کی زیر صدارت جنا سینا پارٹی کی سیاسی اُمور کیلئے منعقدہ اجلاس میں پارٹی کے سینئر رفقاء مسرس این منوہر، ٹی چندر شیکھر و دیگر نے شرکت کی اور دونوں تلگو ریاستوں میں تازہ ترین سیاسی حالات، حکومت کی ناکامیوں اور عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وشاکھاپٹنم کنسٹرکشن ورکرس کی تائید میں منظم کی جانے والی وسیع تر ریالی میں صدر جنا سینا پارٹی مسٹر پون کلیان خصوصی طور پر شرکت کریں گے اور جنا سینا پارٹی کے دیگر قائدین بھی حصہ لیں گے۔ مسٹر پون کلیان نے اس مجوزہ ریالی کو کامیاب بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی قائدین و کارکنوں کو ہدایت دیں۔