جناب ایل عبدالقادر ایکزیکیٹو آفیسر آندھرا پردیش حج کمیٹی مقرر

   

اننت پور اور چتور کے عازمین حج کا بنگلور میں استقبال

حیدرآباد۔/31 اگسٹ، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش حکومت نے جناب ایل عبدالقادر ڈپٹی ایکزیکیٹو انجینئر آندھرا پردیش وقف بورڈ وجئے واڑہ کو آندھرا پردیش حج کمیٹی کا ایکزیکیٹو آفیسر مقرر کیا ہے۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود پی اوشا کماری نے جی او آر ٹی 181 جاری کیا۔ جناب عبدالقادر اس عہدہ پر ایس محمد تاج الدین عارف کو سبکدوش کریں گے جو 31 اگسٹ کو وظیفہ پر سبکدوش ہورہے ہیں۔ ایل عبدالقادر سے آئندہ احکامات تک حج کمیٹی کی زائد ذمہ داری سنبھالنے کی خواہش کی گئی ہے۔ اسی دوران جناب عبدالقادر نے اپنی نئی ذمہ داری سنبھال لی۔ انہوں نے چتور اور اننت پور کے حجاج کرام کا بنگلور ایرپورٹ پہنچ کر استقبال کیا۔ آندھرا پردیش کے اضلاع چتور اور اننت پور کے حجاج کرام بنگلور سے روانہ ہوتے ہیں اور واپسی بھی بنگلور سے ہوتی ہے۔ آندھرا پردیش کے جملہ 1848 حجاج کرام فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ بنگلور سے 438 جبکہ حیدرآباد سے 1410 حجاج کرام روانہ ہوئے ۔ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد واپسی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ حج کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ اننت پورم سے تعلق رکھنے والی خاتون حاجی فیروز بیگم کو خرابی صحت پر کنگ عبدالعزیز ہاسپٹل مکہ مکرمہ میں شریک کیا گیا ہے ۔ ان کے ہمراہ فرزند آصف باشا موجود ہیں۔ تاحال 352 حجاج کرام بنگلور واپس ہوچکے ہیں۔ اتوار کی صبح 84 حجاج کرام بنگلور واپس ہوں گے۔ ایکزیکیٹو آفیسر ایل عبدالقادر اور دیگر عہدیدار ان کا استقبال کریں گے۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے آندھرا پردیش کے حجاج کرام کی واپسی کا آغاز 11 ستمبر کو ہوگا اور 14 ستمبر تک تمام حجاج کی واپسی عمل میں آئے گی۔