جناب عامر علی خان کو وزیر داخلہ کا عہدہ دیا جائے، سید تقی الدین

   

محبوب نگر /12 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے انتہائی طاقتور اور بے لوث نمائندگی کرنے والی شخصیت جناب عامر علی خان صاحب ایم ایل سی و نیوز ایڈیٹر سیاست کو بلاتاخیر ریاستی وزیر داخلہ کا عہدہ دیا جائے ۔ یہ مطالبہ محبوب نگر کے جواں سال حرکیاتی کانگریسی قائد سید تقی الدین نے اپنے صحافتی بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں میں اکثر مسلمانوں کو جو عہدے وزرائتوں میں دئے گئے وہ محض ربر اسٹامپ تک ہی محدود رہے اور ریاست کے مسلمانوں کی جامع ترقی کیلئے نہ کوئیمنصوبہ بنا اور نہ ہی عمل کیا گیا ۔ لیکن موجودہ کانگریس حکومت کو ایک نوجوان کارکرد بے باک اور مخلص قائد کی شکل میں جناب عامر علی خان کو وزارتی عہدہ سونپنے کا ایک بہتر موقع ہاتھ آیا ہے ۔ اگر وزارت داخلہ کا قلمدان موصوف کے حوالے کیا جاتا ہے تو موزوں شخصیت کے ساتھ انصاف کا تقاضہ پورا ہوگا اور ہمیں کانگریس حکومت سے ایسے اقدام کی توقع بھی ہے کیونکہ ریونت ریڈی حکومت مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے ریاست کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ماہ صیام کی دعاؤں میں اپنے بے لوث قائد کو وزارت داخلہ کے قلمدان کیلئے دعاء کریں۔