عوام سے گھروں میں رہنے شاہ رخ خان اور مادھوری ڈکشٹ کی اپیل
ممبئی ۔ /20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) فلمی دنیا کی شخصیتوں نے /22 مارچ بروز اتوار ’’جنتاکرفیو‘‘ منانے وزیراعظم مودی کی اپیل کی حمایت کی ۔ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عوام کو اتوار کے دن صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک گھروں میں رہنے کیلئے کہا گیا ہے ۔ سوپر اسٹار شاہ رخ خان نے کہا کہ جنتاکرفیو کے پیچھے سارا نظریہ اس وائرس پر قابو پانے کے حق میں ہے ۔ یہ نہایت ہی اہم ہے کہ ملک میں وائرس کو پھیلنے سے روکا جائے ۔ عوام ازخود اپنے گھروں میں بند ہوجائیں اور جنتاکرفیو کا حصہ بنیں ۔ شاہ رخ خان نے ٹوئٹر پر اپنا پیام ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس مہلک وائرس کی فکر ہے ۔ وہ چاہتے ہیں کہ عوام اس وائرس کی زد میں نہ آئیں ۔ اداکار سے سیاستداں بننے والے کمل ہاسن نے بھی وائرس کے خلاف لڑائی میں غیرمعمولی طورپر حصہ لینے کی اپیل کی ۔ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے کہا کہ وائرس سے نمٹنے کیلئے قواعد پر عمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے ۔ ہماری سماجی ذمہ داری ہے کہ ہم حکومت کے رہنمایانہ خطوط پر عمل کریں ۔ اداکار شاہد کپور نے کہا کہ /22 مارچ کا جنتاکرفیو وائرس کو قابو کرنے میں مددگار ثابت ہوگا ۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے نے جمعہ کی نصف شب سے /31 مارچ تک کام کے مقامات کو مکمل بند کردینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ امیباتھ بچن ، کرن جوہر ، اکشئے کمار ، رہتک روشن نے بھی سوشیل میڈیا پر وزیراعظم کے بیان کا خیرمقدم کیا ۔ اجئے دیوگن ، عالیہ بھٹ ، ورون دھون ، رنویر سنگھ نے بھی عوام سے اپیل کی ہے ۔