جنرل سلیمانی کے قاتلوں کو سزا نہ دی گئی تو بدلہ لیا جائے گا: رئیسی

   

تہران : ایرانی صدر نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور دیگر امریکی عہدیداروں کے کردار کے لیے ان پر مقدمہ چلایا جائے اور سزا دی جائے، ورنہ ایران اس کا بدلہ لے گا۔ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی دوسری برسی کے موقع پر پیر کے روز ٹیلی ویڑن پرقوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں جنرل سلیمانی کے قافلے پرہلاکت خیز ڈرون حملے کا حکم دینے والے “اصل مجرم اور قاتل” کے طورپر ٹرمپ کو “حکم خدا وندی”کا سامنا کرنا پڑے گا اور ” قصاص” دینا ہوگا۔صدر رئیسی نے ایک ”منصفانہ عدالت” کے قیام کی بھی اپیل کی جس میں ٹرمپ، سابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور دیگر امریکی افسران کے خلاف مقدمہ چلایا جائے اور انہیں جنرل سلیمانی کے قتل میں ملوث ہونے کے جرم میں سزا دی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ نے جنرل سلیمانی کے قتل کا ذاتی طور پر حکم دیا تھا اس لیے اصل قاتل کے طورپر ان کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے۔