جنسی ہراسانی کے الزامات، برج بھوشن کا مستعفی ہونے سے انکار

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی : خواتین ایتھلیٹس کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزامات کا سامنا کرنے والے ریسلنگ فیڈریشن کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ نے کہا ہے کہ میرے استعفے کا مطالبہ میرے لیے کوئی بڑی بات نہیں لیکن میں مجرم کی طرح ایسا نہیں کروں گا۔ میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا کہ ریسلرز کے مطالبے تبدیل ہورہے ہیں، پہلے انہوں نے میرے استعفے کا مطالبہ کیا جس پر میں نے کہا کہ ایسا کرنا اپنے خلاف الزامات کو ماننا ہوگا۔ برج بھوشن شرن سنگھ نے کہا کہ استعفیٰ دینا کوئی بڑی بات نہیں لیکن میں مجرم کی طرح ایسا نہیں کروں گا کیونکہ میں مجرم نہیں، میرے لیے یہ مشکل وقت نہیں کیونکہ میں پہلے بھی مشکلات کا سامنا کرچکا ہوں۔ میڈیا کے مطابق برج بھوشن سنگھ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ بے قصور ہیں اور کسی بھی تحقیقات میں تعاون کریں گے کیونکہ انہیں عدالتی نظام اور تحقیقاتی ایجنسیوں پر بھروسہ ہے۔ ریسلنگ فیڈریشن کے سربراہ نے کہا کہ میں مہینوں سے بدزبانی اور الزامات کا سامنا کر رہا ہوں جس سے میرے خاندان اور حامیوں کو تکلیف پہنچتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں غیر جانبدارانہ انکوائری چاہتا ہوں، ان لوگوں نے چار ماہ تک لوگوں کو میرے خلاف اکسایا اور الزامات لگانے کے لیے نئے لوگوں کو لاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ابھی تک ایف آئی آر کی کاپی نہیں ملی ہے، ایف آئی آر کی کاپی ملنے کے بعد بات کروں گا۔ میڈیا کے مطابق ریسلنگ فیڈریشن کے سربراہ کے خلاف دہلی پولیس نے جنسی ہراسانی کے الزامات پر مقدمہ درج کیا تھا۔ واضح رہے کہ ریسلنگ فیڈریشن چیف پر ہراسانی الزامات پر کئی روز سے نامور ریسلرز سراپا احتجاج ہیں۔