سنچورین ۔ 26جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری سیریز کا تیسرا ون ڈے میچ بارش کے سبب مکمل نہ ہوسکا جبکہ ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت جنوبی افریقہ نے میچ 13 رنز سے جیت کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔ سنچورین میں تیسرے ونڈے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فخر زمان ایک مرتبہ ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف دو رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ امام الحق اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ کے لیے 132 رنز کی شراکت قائم کی، بابر 69رنز بنائے۔ حفیظ 45 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں سے مزین 52 رنز کی اننگز کھیل کر رخصت ہوئے۔ امام الحق نے ونڈے میں اپنی پانچویں سنچری مکمل کی اور 101 رنز بنائے۔ پاکستان کی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنا ئے اورجنوبی افریقہ کوفتح کے لیے 318رنز کا ہدف دیا ہے۔ جنوبی افریقہ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک نے اپنی ٹیم کو 53 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر آملہ 25رنز بنانے کے بعد بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے۔ ڈی کوک نے 39 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں شاداب خان کی براہ راست تھرو نے ان کی 39رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ اس موقع پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی اور میچ تقریباً 45 منٹ تک رکا رہا۔ بارش رکنے پر میچ دوبارہ شروع ہوا تو جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیو پلیسی اور ریزا ہینڈرکس نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 108 رنز جوڑے لیکن اس مرحلے پر ایک مرتبہ پھر بارش نے میچ میں مداخلت کردی اور کھلاڑیوں کو پویلین واپس لوٹنا پڑا۔ جنوبی افریقہ نے اس وقت 2 وکٹوں پر 187 رنز بنا لیے تھے، کپتان فاف ڈیو پلیسی 40 اور ریزا ہینڈرکس 83 رنز پر کھیل رہے تھے تاہم دوبارہ کھیل ممکن نہ ہوسکا اور میچ کے نیتجے کا اعلان کردیا گیا۔ ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت جنوبی افریقہ کی ٹیم بہترین رن ریٹ کے باعث پاکستان پر 8 رنز کی برتری حاصل کیے ہوئے تھی اور اسی سبب میچ بھی 13 رنز سے اپنے نام کر لیا۔ہینڈرکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔