جنوبی افریقہ :لاک ڈاؤن کی مدت میں دو ہفتے کی توسیع

   

جوہانسبرگ، 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کوروناکے پھیلاؤ کے پیش نظر جنوبی افریقہ میں لاک ڈاؤن کی مدت میں مزید دو ہفتوں کا اضافی کردیا گیا ہے ۔جنوبی افریقہ میں 21 دن کے لئے لاک ڈاؤن پہلے ہی سے نافذ ہے ، جس کے دو ہفتے گزر چکے ہیں۔صدر سیرل رام پوسا نے جمعرات کو قومی ٹیلی ویژن چینل پر قوم کے نام خطاب میں اس کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں لاک ڈاؤن کی وجہ سے معیشت اور شہریوں پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں معلومات ہے ، لیکن اسے سرسری طور پر نہیں لیا جا سکتا۔انہوں نے کہا ‘‘دستیاب شواہد کا احتیاط سے مطالعہ کرنے کے بعد نیشنل کوروناوائرس کونسل نے ملک میں نافذ 21 دن کے لاک ڈاؤن کی مدت میں مزید دو ہفتوں کی توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ’’۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے بعد سے ملک میں اس انفیکشن کے نئے معاملوں کے سامنے آنے کی شرح میں کمی آئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں 27 مارچ کو 11170 لوگ اس سے متاثر تھے اور نو اپریل کو یہ تعداد 1934 پر پہنچی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن لاگو ہونے سے پہلے اس مہلک وائرس کی زد میں آنے والے لوگوں کی تعداد میں روزانہ 42 فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا تھا، جو اب محض چار فیصد رہ گئی ہے ۔