انٹرنیشنل کریمنل کورٹ وارنٹ جاری کرے:نالیڈی پینڈور
جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کی وزیرخارجہ نالیڈی پینڈور نے اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ نے کہا کہ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ نیتن یاہو اور انکے وزرا کے وارنٹ جاری کرے۔نالیڈی پینڈور نے مزید کہا کہ عالمی عدالت نیتن یاہو کے خلاف جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کی تحقیقات تیز کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ آئی سی سی کے دائرہ اختیار میں موجود 4 میں سے 3 خلاف ورزیوں یعنی جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور قتل عام کی تحقیقات کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ ذمہ داران کے خلاف گرفتاری کے وارنٹس جاری کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے کچھ اراکین کے خلاف گرفتاری کے وارنٹس جاری کیے جانے چاہیے۔جنوبی افریقہ چند ممالک میں شامل ہے جو اسرائیل سے اپنے سفیروں کو واپس بلا چکے ہیں۔جنوبی افریقی حکومت کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت بھی کی گئی ہے۔