جنوبی ریاستوں کے کسان قائدین کی آج حیدرآباد میں کانفرنس

   

مودی حکومت مخالف کسان، نائب صدر قومی کسان سیل کودنڈا ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کسان سیل کے قومی نائب صدر ایم کودنڈا ریڈی نے بتایا کہ جنوبی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کسان سیل کے قائدین کی کانفرنس 29 جنوری کو حیدرآباد میں منعقد ہوگی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا ریڈی نے کہا کہ گاندھی بھون میں اس کانفرنس کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں جنوبی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے کسان قائدین شرکت کریں گے ۔ راہول گاندھی کے صدر کانگریس منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ کسان قائدین کا اجلاس منعقد ہورہا ہے ۔ راہول گاندھی نے کسانوں کو مختلف سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی ہے۔ ملک میں کسانوں کو درپیش مسائل کی یکسوئی میں کانگریس پارٹی سنجیدہ ہے ۔ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں کسانوں کے حق میں کئی اقدامات کئے گئے جن میں قرض کی معافی شامل ہیں۔ راہول گاندھی نے کسان کانگریس کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ ملک بھر میں کسانوں کے درپیش مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی یکسوئی کے سلسلہ میں تجاویز پیش کریں۔ انتخابات سے قبل نریندر مودی نے کسانوں سے کئی وعدے کئے تھے لیکن حکومت کی تشکیل کے بعد وعدوں کو فراموش کردیا گیا ۔ فصل بیمہ اسکیم میں تبدیلی کی گئی لیکن انشورنس کی ذمہ داری خانگی کمپنیوں کو دی گئی ہے ۔ یو پی اے دور حکومت میں کسانوں کی بھلائی کیلئے کئی اقدامات کئے گئے تھے جنہیں بی جے پی حکومت نے فراموش کردیا۔ کودنڈا ریڈی نے کہا کہ ملک میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسان قائدین کے اجلاس میں مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔ صبح 9.30 بجے پرچم کشائی سے کانفرنس کا آغاز ہوگا۔ کانفرنس میں جو موضوعات زیر بحث آئیں گے ، ان میں ایم ایس پی ، سیڈ ایکٹ ، کراپ انشورنس ، اگریکلچر کمیشن ، کسانوں کی خودکشی ، لینڈ سروے ، ڈیساسٹر ریلیف اور دوسرے شامل ہیں۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کے علاوہ سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکا اور آندھراپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر رگھو ویرا ریڈی شرکت کریں گے۔