جنوبی کوریا میں کورونا متاثرین کی تعداد 11081 ہوئی

   

سیول، 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے 27 نئے معاملے سامنے آنے کی اوجہ سے اس سے متاثر ہونے والے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 11081 ہوگئی ہے ۔جنوبی کوریا کی وزارت صحت کے بیماریوں پر قابو پانے اور روک تھام کے مرکز نے جمعہ کو یہ جانکاری دی۔ مرکز نے کہا کہ جنوبی کوریا اس وقت نئی طرح کے انفیکشن کا سامنا کررہا ہے ،جس کا تعلق اس سے متاثر ایک 29 سالہ نوجوان کے راجدھانی سول کے کئی کلبوں میں جانے سے ہے ۔ افسر نے اس انفیکشن کے روز نئے معاملے سامنے آنے کے بعد سنیچر کو شہر کے بار اور کلبوں کو بند کردیا۔مرکز نے بتایا کہ 27 نئے معاملوں میں 22 اندرونی انفیکشن کے ہیں۔ ان میں سے 14 معاملے راجدھانی سول میں درج کئے گئے ہیں، جبکہ پانچ کا انچیون میں پتہ چلا ہے ۔ملک میں اس مہلک وائرس کے سبب ہونے والی اموات کے معاملے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ اب تک اس وائرس سے یہاں 260 لوگوں کی موت ہوئی اور 9821 اس سے ٹھیک ہوئے ۔جنوبی کوریا میں اب تک 6.95 لاکھ لوگوں کا کورونا ٹسٹ کیا جاچکا ہے ، جن میں سے 19875 کی رپورٹ آنی باقی ہے۔ اس سے ایک دن پہلے جنوبی کوریا میں کورونا کے 29 نئے معاملے درج کئے گئے تھے اور ایک شخص کی موت ہوئی تھی۔