جنوبی ہند میں گرمی کی لہر، شمالی ہند سردی کی لپیٹ میں

   

نئی دہلی ۔ 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اس سال ہندوستان میں موسم مختلف مقامات پر ایک دوسرے کے برعکس وقوع پذیر ہورہا ہے۔ جنوبی ہند میں اس وقت گرمی کی لہر شروع ہوئی ہے تو شمالی ہند شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ فبروری میں مغربی سمت سے چلنے والی سرد ہوائیں تیز ہوگئی ہیں اور مارچ کے اوائل میں بھی یہ ہوائیں اسی طرح چل رہی ہیں۔ جنوبی خطہ میں 6 مارچ سے ہی شدید گرمی کی لہر دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سابق میں ان علاقوں میں بھی سردی محسوس کی جاتی تھی۔ ٹاملناڈو میں گذشتہ دو دن سے گرم لہریں چل رہی ہیں۔ ساحلی آندھراپردیش اور رائلسیما میں بھی یہی صورتحال ہے۔ اس گرمی کی لہر کے بعد درجہ حرارت میں 40 ڈگری سلسیس تک اضافہ کا امکان ہے۔ مزید دو دن یہ لہر چلے گی۔ ملک میں بجلی گرنے کے واقعات اور زلزلوں کے جھٹکے جیسے بڑے حادثات کے بعد گرمی کی لہر کا چلنا آفات سماوی متصور کیا جارہا ہے۔ ٹاملناڈو میں دھرماپوری اسٹیشن میں 6 مارچ کو ہی 40.2 ڈگری سلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جہاں 1996ء میں یہی درجہ حرارت تھا۔