نئی دہلی، یکم فروری (یو این آئی) جنوری میں مجموعی جی ایس ٹی (اشیا و خدمات ٹیکس) کا مجموعی محصول 6.2 فیصد بڑھ کر 1,93,384 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔گزشتہ برس جنوری میں یہ رقم 1,82,094 کروڑ روپے تھی۔ذرائع کے مطابق جنوری میں ملکی جی ایس ٹی محصول 4.8 فیصد بڑھ کر 1,41,32 کروڑ روپے رہا، جبکہ درآمدات پر جی ایس ٹی کی وصولی 10.1 فیصد بڑھ کر 52,253 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔مجموعی طور پر، جنوری 2025 کے مقابلے میں مجموعی ریفنڈ میں 3.1 فیصد کی کمی دیکھنے کو ملی اور یہ 22,665 کروڑ روپے رہی۔ اس طرح، خالص جی ایس ٹی وصولی 7.6 فیصد بڑھ کر 1,70,719 کروڑ روپے رہی۔ اس میں خالص ملکی محصول میں 6.2 فیصد اضافہ ہوا، جب کہ درآمدات پر جی ایس ٹی کے کل محصول میں 11.9 فیصد اضافہ ہوا۔حکومت نے جنوری میں 5,768 کروڑ روپے کا خالص سرچارج بھی وصول کیا۔موجودہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں مجموعی محصول 8.3 فیصد بڑھ کر 18,43,423 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ مجموعی ریفنڈ میں 18.9 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 2,47,672 کروڑ روپے تک پہنچا۔ اس طرح، مالی سال کے دوران خالص جی ایس ٹی وصولی 6.8 فیصد بڑھ کر 15,95,752 کروڑ روپے رہی۔