جنگ بندی مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں مثبت اشارے : حماس

   

غزہ: حماس نے ہفتہ کے روز کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر بات چیت کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے مثبت اشارے ملے ہیں۔حماس کے ترجمان عبداللطیف نے پریس بیان میں کہا کہ مصری اور قطری ثالثوں کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد کو حتمی شکل دینے اور اس کے دوسرے مرحلے کے لیے مذاکرات شروع کرنے کی کوششوں کے تحت مثبت اشارے مل رہے ہیں۔انہوں نے فلسطینی عوام کے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے ان مذاکرات میں شامل ہونے کے لیے حماس کے تیار ہونے پر زور دیا۔ترجمان نے غزہ کی پٹی میں انسانی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے اور اسرائیلی ناکہ بندی ختم کرنے کیلئے کوششیں تیز کرنے پر بھی زور دیا۔دریں اثناء، حماس کے سیاسی بیورو چیف کے مشیر طاہر النونو نے اعلان کیا کہ حماس کا وفد تحریک کی لیڈرشپ کونسل کے سربراہ محمد درویش کی قیادت میں قاہرہ پہنچ گیا ہے ۔ طاہر کے مطابق یہ وفد مصری حکام سے حالیہ عرب سربراہی اجلاس کے نتائج اور ان پر عمل درآمد کے طریقوں کے حوالے سے بات چیت کرے گا۔