لندن، 2 ستمبر (یو این آئی) برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ اگر غزہ میں جنگ بندی پر کوئی پیش رفت نہ ہوئی تو برطانیہ رواں ماہ ہونے والے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ غزہ میں ہر گزرتا روز مزید تباہیاں لا رہا ہے ، خوراک کی کمی سے غزہ کے 5 سال سے کم عمر ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد بچوں کو جان کا خطرہ ہے ، اسرائیلی حکومت غزہ میں ضروری امداد کی فراہمی سے مستقل انکاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری قحط قدرتی نہیں، یہ اکیسویں صدی میں انسان کا بنایا ہواقحط ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں فوجی کارروائیاں فوری طور پر روکی جائے ۔ برطانوی وزیرخارجہ نے کہا کہ غزہ کی صورتحال بہتر بنانے کا واحد حل فوری اور بلامشروط جنگ بندی ہے ، ڈیوڈ لیمی نے اسرائیل سے غزہ میں فوجی کارروائیوں میں اضافہ بھی فوری روکنے کا مطالبہ کردیا۔ ادھر نسل کُشی پر تحقیق کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی عالمی تنظیم انٹرنیشنل جینوسائیڈ اسکالرز ایسوسی ایشن نے اسرائیلی حملوں سے فلسطینیوں کی اموات کو نسل کُشی قرار دے دیا۔یاد رہے کہ بلجیم نے بھی فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ فرانس اسرائیل کو بارہا یہ تاکید کرچکا ہے کہ اگر غزہ میں جلد سے جلد جنگ بندی نہ ہوئی تو وہ بھی فلسطین کو بہت جلد ایک ریاست کے طور پر تسلیم کرلے گا۔
فلپائن کے ایک گھر میں آتشزدگی ، دو ہلاک
منیلا، 2 ستمبر (یو این آئی) فلپائن کی راجدھانی منیلا میں ایک گھر میں آگ لگنے سے دو افراد کی موت اور ایک چھ سالہ بچی شدید طور پر جھلس گئی۔انہوں نے کہا کہ اس حادثہ میں تین سالہ بچی اور اس کی دادی کی موت ہو گئی۔انہوں نے بتایا کہ میٹرو منیلا کے مالابون شہر میں پیر کی رات تقریباً 11 بجکر 55 منٹ پر آگ لگی، جس کی وجہ سے متاثرین مکان کی دوسری منزل پر پھنس گئے ۔انہوں نے بتایا کہ چھ سالہ بچی کے ہاتھ، ٹانگیں اور بازو بری طرح جھلس گئے ہیں۔