سری نگر، 20 مئی (یو این آئی) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ جنگ نہ کسی مسئلے کا حل ہے اور یہ آخری متبادل بھی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ہو گا کہ آنجہانی واجپائی جی کے نظریے سے ایک صفحہ نکال کر آگے بڑھا جائے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی گولہ باری سے تباہ ہونے والے علاقوں کو ’جنگ متاثرہ علاقے ‘ قرار دیا جانا چاہئے تاکہ جنگی بنیادوں پر ان کی باز آباد کاری شروع کی جا سکے ۔ موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ سے صرف تباہی ہوتی ہے یہ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے بلکہ یہ آخری متبادل بھی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں واجپائی جی کے نظریے سے ایک صفحہ نکال لینا چاہئے اور آگے بڑھنا چاہئے۔ جنگ کی وکالت کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ انہیں ٹنگہ ڈار اور آر ایس پورہ کے سرحدوں پر اپنے اہل خانہ کے ساتھ جانا چاہئے پھر جنگ کی وکالت کرنی چاہئے تاکہ وہ خود اپنی آنکھوں سے حالات کو دیکھ سکیں۔