لویف( یوکرین) روسی اور یوکرینی مذاکرات کاروں نے پیر کو بات چیت کا ایک نیا دور منعقد کیا ۔حالانکہ روس کی ملٹری فورسیس اپنی پیشقدمی جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ یوکرین کے دارالحکومت کیف کے مضافات تک پہنچ چکے ہیں ۔ روسی فورس آرٹیلیری فائر کی مدد سے آگے بڑھ رہی ہے ۔ پولینڈ کی سرحد کے قریب فوجی اڈے پر فضائی حملے کے اگلے روز روسیوں کو مزید آگے بڑھتے دیکھا گیا ۔ وہ ناٹو کے نہایت قریب تک پہنچ چکے ہیں ۔ اس درمیان اچھی تبدیلی یہ ہے کہ دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت شروع ہوئی ہے ۔ یوکرینی شہروں کو روسی فوج نے عملاً محاصرہ میں بند کردیا ہے ۔ اُن کیلئے غذا ، پانی اور دوا کی معقول مقدار کا حصول مشکل تر ہوتا جارہا ہے ۔ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے نئے ویڈیو خطاب میں کہا کہ ہر کوئی امن کے تعلق سے کوئی خبر سننے کا منتظر ہے ۔ ہم اپنی طرف سے پوری کوشش کررہے ہیں ۔ مذاکرات ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ہورہے ہیں اور پیر کا دور چوتھا ہے ۔ پہلا دور ایک ہفتہ قبل منعقد کیا گیا تھا ۔ یوکرینی صدر کے مددگار نے بتایا کہ مواصلات کو برقرار رکھنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے ۔ روس کی طرف سے بتایا گیا کہ روس کے مطالبہ کی تکمیل تک جنگ جاری رہے گی ۔