حیدرآباد 16 نومبر (سیاست نیوز) نظام کے دور میں بنائے گئے جنگاؤں تحصیلدار آفس کو 110 سال مکمل ہوگئے۔ قابل ذکر ہے کہ منڈل کے لوگ آج بھی اس عمارت میں خدمات حاصل کررہے ہیں۔ ایک ایسے وقت میں جب 30 ، 40 سال قبل تعمیر کئے گئے کنکریٹ کے ڈھانچے خستہ حالی کا شکار ہیں، انھیں گرانا اور ان کی جگہ نئی عمارت بنانا ایک معمول بن چکا ہے۔ یہ ریونیو آفس اس وقت کی تعمیرات کے معیار کی عکاسی کرتا ہے۔ فی الحال اس عمارت کے سامنے ایک اور تختی نظر آتی ہے یہ وہی بورڈ ہے جو F-1325 (فصلی سال) کی نشاندہی کرتا ہے۔ ماہر آثار قدیمہ رتناکر ریڈی نے فصلی سال اور انگریزی سال میں فرق بتاتے ہوئے کہاکہ فصلی سال 1325 میں 590 سال کا اضافہ کرنے سے 1915ء ملتا ہے یعنی اگر موجودہ وقت پر نظر ڈالی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ فصلی سال انگریزی سال سے 590 سال پیچھے ہے۔ (ش)