جنگاؤں : ڈینگو متاثرین سے کلکٹر رضوان باشاہ کی ملاقات

   

گھروں کے اطراف خصوصی صفائی پر زور، ایکمینار مسجد اور دینی مدرسہ کا بھی معائنہ، طلبہ سے تبادلہ خیال
جنگاؤں ۔ 30 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر جنگاؤں رضوان باشاہ شیخ آئی اے ایس نے جنگاؤں مستقر میں ڈینگو کی تیزی سے پھیلنے کی وباء پر آج جنگاؤں 10 نمبر وارڈ کا دورہ کیا اور ڈینگو کے متاثرین کے مکانات جاکر ملاقات کی اور سرکاری دواخانہ میں علاج کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے مکانات میں جاکر جائزہ لیا اور مالکین مکانات سے کہا کہ گھروں میں صفائی و ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور جمع شدہ پانی کو بہادیں، اس سے مچھر سے پھیلنے کا امکان ہوا کرتا ہے اور اسی طرح مکانات کے پاس کچرے کے انبار نہ ہوں، وارڈ کے دورے کے دوران ایکمینار مکہ مسجد جنگاؤں پہنچ کر یہاں کے اطراف و اکناف کا جائزہ لیا اور یہاں موجود عربی مدرسہ دارالعلوم شریفیہ کا معائنہ کرتے ہوئے طلباء سے ملاقات کی اور مسجد کے امام مولانا مفتی انصار سے کہا کہ مسجد اور مدرسہ کی صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں اور گندہ پانی اور کچرا جمع ہونے نہ دیں۔ ان کے ہمراہ مجلس بلدیہ کمشنر جنگاؤں کے علاوہ بلدیہ کے عہدیدار موجود تھے۔ انہوں نے کمشنر بلدیہ سے کہا کہ جنگاؤں میں صفائی و ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے اس لئے کہ ڈینگو وباء دن بہ دن تیزی سے پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کمشنر بلدیہ کو مشورہ دیا کہ ایسے ضعیف و معمر حضرات کی نشاندہی کی جائے جو کام کی تکمیل نہیں کررہے ہیں ان کے بجائے نئے لوگوں مرد، خواتین کا تقرر کیا جائے اس دورہ کے موقع پر محمد جمال شریف ایڈوکیٹ نے کلکٹر جنگاؤں رضوان باشاہ شیخ کی شال پوشی کی۔ اس موقع پر رکن بلدیہ رام منوہر، مسیح الرحمن، محمد عظیم، محمد سلیم، مجو، بابو اور دوسرے موجود تھے۔