گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 60 روپئے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 115 روپئے کا اضافہ
حیدرآباد 7 مارچ (سیاست نیوز) اسرائیل ۔ امریکہ اور ایران جنگی صورتحال کے پس منظر میں عوام کو بڑا جھٹکہ لگا ہے۔ مرکزی حکومت نے گھریلو اور تجارتی ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں فیصلہ آدھی رات کو لیا گیا اور نئی قیمتیں فوری نافذ کردی گئی ہیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے جاری تازہ فیصلہ کے بعد 14.2 کیلو گرام کے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں 60 روپئے جبکہ 19 کیلو گرام کمرشیل سلنڈر کی قیمت میں 115 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اعلان کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں ایل پی جی گیس کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ قومی دارالحکومت دہلی میں 14.2 کیلو گرام گھریلو سیلنڈر کی قیمت 853 روپئے سے بڑھ کر 913 روپئے ہوگئی ہے جبکہ 19 کیلو گرام کمرشیل سلنڈر 1883 روپئے سے بڑھ کر 1968.50 روپئے تک پہونچ گیا ہے۔ ممبئی میں گھریلو سلنڈر 852.50 روپئے سے بڑھ کر 912.50 روپئے ہوگیا ہے جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت 1835 روپئے تک پہونچ گئی ہے۔ اس طرح کولکتہ میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 879 روپئے سے بڑھ کر 939 روپئے ہوگیا ہے۔ جبکہ کمرشیل سلنڈر کی قیمت 1990 روپئے تک پہونچ گئی ہے۔ حیدرآباد میں 14.2 کیلو گرام گھریلو سیلنڈر کی قیمت 905 روپئے سے بڑھ کر 965 روپئے ہوگئی ہے جبکہ 19 کیلو گرام کمرشیل سلنڈر کی قیمت 1961 روپئے سے بڑھ کر 2076 روپئے تک پہونچ گئی ہے۔ تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ اجول اسکیم کے تحت فراہم کئے جانے والے سلینڈرس کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال کے باعث بین الاقوامی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اُتار چڑھا۔ دیکھنے میں آرہا ہے جس کے اثرات ایل پی جی کی قیمتوں پر بھی پڑرہے ہیں۔2