جوائنٹ سکریٹری حکومت ہند کو ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی کا مکتوب

   

حیدرآباد 31 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے ایکزیکٹیو آفیسر شیخ لیاقت حسین نے مکہ مکرمہ کی رہائشی عمارتوں میں عازمین حج کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں جوائنٹ سکریٹری وزارت اقلیتی اُمور حکومت ہند کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے انڈین حج مشن اور ہندوستانی قونصلیٹ کے حکام کو ضروری ہدایت دینے کی درخواست کی۔ ایکزیکٹیو آفیسر نے 31 مئی کو تحریر کردہ مکتوب میں 28 مئی کے مکتوب کا حوالہ دیا اور بتایا کہ بلڈنگ نمبر 350 اور 352 میں عازمین حج کو درپیش مشکلات کے بارے میں اطلاع دی گئی تھی۔ اب تازہ ترین معاملہ بلڈنگ 127 اور 466 کا ہے جہاں گزشتہ ایک ہفتہ سے تلنگانہ کے عازمین حج بنیادی سہولتوں کی کمی کی شکایت کررہے ہیں۔ مکتوب میں بتایا گیا ہے کہ عازمین حج نے چوہے، جھنگر اور دیگر کیڑے مکوڑوں کی بہتات، ناکارہ گیزر، باتھ روم میں ایگزاسٹ فیان کی عدم کارکردگی، غیر کارکرد فریج، ناکارہ ایئر کنڈیشن، الیکٹریکل اور سنیٹری فٹنگس میں نقائص، پینے کے پانی کی عدم سربراہی، استعمال کے لئے پانی کی عدم موجودگی، واشنگ مشین کی عدم سربراہی اور کچن میں ناکارہ گیس اسٹو کے بارے میں عازمین مسلسل شکایت کررہے ہیں۔ ایک کچن 25 عازمین کو الاٹ کیا گیا ہے لیکن وہ بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔ ایگزیکٹیو آفیسر نے بتایا کہ عازمین حج ناقص انتظامات پر سخت برہم ہیں۔ انڈین حج مشن اور ہندوستانی قونصلیٹ کے عہدیدار شکایات کی یکسوئی میں ناکام ہوچکے ہیں۔ روز مرہ کی ضرورت کی تکمیل کے لئے باتھ روم میں پانی کی عدم سربراہی باعث حیرت ہے۔ ایگزیکٹیو آفیسر نے جوائنٹ سکریٹری حکومت ہند سے درخواست کی کہ وہ انڈین حج مشن اور ہندوستانی قونصلیٹ کے حکام کو عزیزیہ کی رہائشی عمارتوں میں بہتر سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دیں۔ 1