جواد ظریف نے نے پومپیو کو ’گھمنڈی مسخرہ‘قرار دیا

   

تہران۔5جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایران کے ٹاپ فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کے مارے جانے پر عراقیوں کے جشن منانے کے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے دعویٰ سے ناراض ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے انہیں (پومپیو کو) ’گھمنڈی مسخرہ‘قراردیا ہے۔ پومپیو نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکہ کی طرف سے کئے گئے ڈرون حملہ میں سلیمانی کے مارے جانے کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ ان کے مارے جانے پر عراق کے لوگوں نے جشن منایا۔ ان کے اس بیان سے ناراض ظریف نے انہیں ’گھمنڈی مسخرہ‘ بتاتے ہوئے جمعہ کی رات ٹوئٹر پر لکھا کہ ایک سفارتکار کے بھیس میں’گھمنڈی مسخرہ‘ نے 24 گھنٹے پہلے دعوی کیا تھا کہ عراق کے شہروں میں لوگ جشن منا رہے ہیں۔ ہمارے لاکھوں بھائی بہن آج ملک بھر میں سلیمانی کی مقدس روح کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ مغربی ایشیا میں امریکہ کی موجودگی ختم ہونے کا آغاز ہو گیا ہے ۔ قابل غور ہے کہ پومپیو نے جمعہ کو سلیمانی کے مارے جانے کے بعد ٹویٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا تھا جس میں عراق کا پرچم لئے ہوئے لوگ سڑکوں پر دوڑتے نظر آرہے تھے ۔ اس ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ جنرل سلیمانی کے مارے جانے سے خوش عراقی سڑکوں پر ناچ کر آزادی کا جشن منا رہے ہیں ۔