تہران ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے صدر امریکہ کی ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے وزیرخارجہ ایران جواد ظریف پر عائد تحدیدات کو ’’بچکانہ‘‘ قرار دیا اور یہ بھی کہا کہ یہ اقدام سفارتی تعلقات کیلئے رکاوٹ ہیں۔ یاد رہیکہ چہارشنبہ کو ٹرمپ انتظامیہ نے وزیرخارجہ ایران محمد جواد ظریف پر تحدید عائد کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ہی صدر ایران حسن روحانی نے ٹرمپ انتظامیہ کے اس قدم کو بچکانہ قرار دیا اور کہا کہ ایسا نہ کبھی دیکھا نہ سنا کہ امریکہ کسی دیگر ملک کے وزیرخارجہ پر پابندیاں عائد کررہا ہے۔ مغربی آذربائیجان صوبہ میں اپنے ایک خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ امریکہ اب بچکانی حرکتیں کررہا ہے کیونکہ تقریباً ہر روز امریکہ کی جانب سے یہ بیان دیا جاتا ہیکہ وہ ایران کے ساتھ غیرمشروط بات چیت کیلئے تیار ہے لیکن پھر پتہ نہیں ایسا کیا ہوجاتا ہے کہ وہ ایران کے وزیرخارجہ پر ہی پابندی عائد کردیتا ہے جو ناقابل فہم ہے۔
