جوبلی ہلز امیدوار کا فیصلہ کانگریس ہائی کمان کرے گا

   

محمد اظہرالدین کو ٹکٹ دینے محمد فیروز خاں کی تجویز
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں امیدوار کے انتخاب کے مسئلہ پر وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کے بیان پر جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی محمد فیروز خاں نے ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار کے انتخاب کا فیصلہ کانگریس ہائی کمان کرے گا ، لہذا ریاستی قائدین کو امیدوار کے مسئلہ پر اظہار خیال سے گریز کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کمان مقامی اور غیر مقامی کی اصطلاح میں نہیں سوچتا بلکہ کامیابی کی اہلیت رکھنے والے قائد کو پارٹی ٹکٹ دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کمان کے طر یقہ کار کے مطابق ٹکٹ کے تمام دعویداروں کے ناموں کو شارٹ لسٹ کرتے ہوئے فہرست ہائی کمان کو روانہ کی جاتی ہے ۔ متعلقہ حلقہ میں پارٹی پوزیشن اور دعویداروں کی عوامی مقبولیت پر سروے رپورٹ کی بنیاد پر امیدوار کا انتخاب عمل میں آتا ہے ۔ فیروز خاں نے کہا کہ جوبلی ہلز میں پارٹی ٹکٹ کے لئے سب سے زیادہ اہل سابق کرکٹر محمد اظہرالدین ہیں جنہوں نے گزشتہ اسمبلی چناؤ میں مقابلہ کیا تھا۔ فیروز خاں نے کہا کہ اگر اظہرالدین کو ٹکٹ نہیں دیا جاتا ہے تو وہ ٹکٹ کے اہم دعویدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے قائد کو ٹکٹ دیا جائے جو کامیابی کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ سیکولر اور ہر طبقہ کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز کا ضمنی چناؤ سیمی فائنل ہے جبکہ فائنل گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات ہوں گے ۔ کانگریس پارٹی کو اگر جی ایچ ایم سی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا ہو تو اسے ایسے امیدوار کو ٹکٹ دینا چاہئے جو عوامی سطح پر مقبول اور کامیابی کی صلاحیت رکھتا ہو۔ فیروز خاں نے کہا کہ ریاستی اور قومی سطح پر کئی ایسی مثالیں موجود ہیں جہاں غیر مقامی قائدین نے مقابلہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ پر کانگریس کا پرچم لہرانے کا انہیں یقین ہے اور اگر ہائی کمان انہیں ٹکٹ دیتی ہے تو وہ پارٹی کو صد فیصد کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔1