کانگریس امیدوار نوین یادو کے کزن برادر گوتم یادو کی بی آر ایس میں شمولیت
حیدرآباد۔ 22 اکٹوبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز ضمنی انتخاب سے قبل ایک اہم سیاسی پیشرفت ہوئی ہے۔ کانگریس کے امیدوار نوین یادو کے رشتہ کے بھائی گوتم یادو نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ کے ٹی آر نے انہیں گلابی کھنڈوا پہناتے ہوئے باقاعدہ طور پر بی آر ایس میں شامل کیا ہے۔ اس موقع پر بی آر ایس کے قائد سابق وزیر ٹی سرینواس یادو اور نگیش مدیراج بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق گوتم یادو پدا سری سیلم یادو کے فرزند ہیں جبکہ نوین یادو چنا سری سیلم یادو کے بیٹے ہیں جبکہ پدا سری سیلم یادو اور چنا سری سیلم یادو آپس میں سگے بھائی ہیں۔ سیاسی حلقوں میں اس شمولیت کو جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے پس منظر میں انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے کیونکہ یہ پیشرفت کانگریس کیلئے جھٹکہ اور بی آر ایس کیلئے حوصلہ افزاء اقدام تصور کیا جارہا ہے اور یہ کہا جارہا ہے گوتم یادو کی بی آر ایس میں شمولیت سے جوبلی ہلز حلقہ میں طاقت کے توازن پر اثر پڑسکتا ہے۔ خاص طور پر اس وقت جب انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی ہے۔ سیاسی حلقوں میں یہ شمولیت موضوع بحث بن گئی ہے۔2