ڈسمبر تک نئے رکن اسمبلی کا انتخاب، چیف الیکٹورل آفیسر کا بیان
حیدرآباد : 17 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے کہا کہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چنائو کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کا انتظار ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سدرشن ریڈی نے کہا کہ اسمبلی کی نشست کے خالی ہونے اور مقامی رکن اسمبلی کے انتخاب پر اسمبلی سکریٹریٹ کی جانب سے گزٹ موصول ہوا ہے۔ یہ گزٹ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو روانہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تین ریاستوں میں اسمبلی کی مخلوعہ نشستوں کے ضمنی چنائو پر الیکشن کمیشن نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ جوبلی ہلز کے ضمنی چنائو کے سلسلہ میں فوری طور پر نوٹیفیکیشن کا امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسمبر تک جوبلی ہلز کے نئے رکن اسمبلی کا انتخاب مکمل ہوجائے گا۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن میں رائے دہندوں کی اقل ترین تعداد کو گھٹاکر 1200 کیا گیا ہے۔ پولنگ اسٹیشن کے اطراف 200 میٹر کے حدود میں امتناعی احکام کو ایک کیلومیٹر تک توسیع دی گئی ہے۔ ایک کیلومیٹر کے حدود میں سیاسی پارٹیوں کو تشہیر کی اجازت نہیں ہوگی۔ پولنگ اسٹیشنوں کے باہر موبائل فون ڈپازٹ کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 26 اور 27 جون کو تلنگانہ کے بوتھ سطح کے عہدیدار اور بوتھ سطح کے ایجنٹس کو نئی دہلی میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے ٹریننگ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں 87 فیصد اور شہری علاقوں میں 67 فیصد ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔1