جوبلی ہلز میں 11 نومبر کو رائے دہی ، 14 نومبر کو نتائج

   

13 اکتوبر سے پرچہ نامزدگی کا ادخال‘ آزادانہ و منصفانہ انعقاد کے انتظامات
پرامن رائے دہی کو یقینی بنایا جائیگا ، سی ای او سدرشن ریڈی نے تفصیلات جاری کی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کا شیڈول جاری کردیا جس کے تحت 11 نومبر کو رائے دہی ہوگی۔ چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی اور ضلع الیکشن آفیسر آر وی کرنن نے نوٹیفکیشن کی تفصیلات جاری کی۔ بی آر ایس رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ کے دیہانت سے حلقہ میں ضمنی چناؤ مقرر ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں ۔ پرامن رائے دہی کو یقینی بنانے اقدامات کئے گئے ۔ سدرشن ریڈی کے مطابق 13 اکتوبر کو انتخابی اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور اسی دن سے پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگا۔ پرچہ نامزدگی 21 اکتوبر تک داخل کئے جاسکتے ہیں۔ پرچہ کی جانچ 22 اکتوبر کو ہوگی اور 24 اکتوبر تک نام واپس لینے کی سہولت رہے گی۔ رائے دہی 11 نومبر کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی اور نتیجہ کا اعلان 14 نومبر کو ہوگا۔ انتخابی عمل 16 نومبر تک مکمل کرلیا جائے گا ۔ سدرشن ریڈی کے مطابق شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی حیدرآباد ضلع میں انتخابی ضابطہ اخلاق فوری نافذ ہوچکا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں اور سیاسی پارٹیوں کو ہدایت دی کہ وہ فوجداری مقدمات کے بارے میں اخبارات ، ٹیلی ویژن و ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعہ واقف کرائیں تاکہ شفافیت برقرار رہے۔ رائے دہی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعہ ہوگی اور تمام پولنگ اسٹیشنوں میں وی وی پیاٹ سہولت رہے گی ۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ رائے دہی کیلئے مناسب تعداد میں ای وی ایم مشین فراہم کئے جارہے ہیں اور جانچ کے بعد پولنگ اسٹیشنوں میں رکھا جائیگا ۔ ووٹر الیکشن کمیشن کے ووٹر شناختی کارڈ یا پھر آدھار ، ڈرائیونگ لائسنس ، پاسپورٹ ، پیان کارڈ یا پنشن دستاویزات کے ذریعہ حق رائے دہی سے استفادہ کرپائیں گے ۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ الیکشن نے غیر جانبداری و شفافیت سے جوبلی ہلز ضمنی چناؤ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کا جائزہ لے کر رائے دہی میں حصہ لیں۔ جوبلی ہلز کے جملہ ووٹر 398982 ہیں جن میں 207367 مرد اور 191590 خواتین ہیں۔ سرویس ووٹرس 18 ، این آر آئی ووٹرس 95 ، معذور ووٹرس 1891 اور 80 سال سے زائد عمر کے 6052 ووٹر ہیں۔ 139 مقامات پر جملہ 407 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔1