جوبلی ہلز میں بی جے پی قائدین کی بڑے پیمانہ پر پد یاترا

   

مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کے علاوہ اہم قائدین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی نے جوبلی ہلز ضمنی انتخاب میں کامیابی کیلئے پارٹی مہم میں شدت پیدا کردی ہے ۔ اترپردیش کی طرز پر ایک ہی دن میں 7 ڈیویژنس کے 60 مقامات پر پارٹی کے تمام اہم قائدین نے پد یاترا کرتے ہوئے عوام کو کانگریس اور بی آر ایس کی ناکامیوں سے واقف کراتے ہوئے بی جے پی کو کامیاب بنانے پر مرکزی حکومت کے تعاون سے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کو ملک کے مثالی حلقہ کے طور پر ترقی دینے کا عوام سے وعدہ کیا۔ بی جے پی کے ریاستی صدر رامچندر راؤ کی قیادت میں ’’ماسک کمپین‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے سری نگر کالونی اور ایلا ریڈی گوڑہ میں این رامچندر راؤ نے ایرہ گڈہ ڈیویژن میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر نے کرشنا نگر کے اے اور بی بلاک میں بی جے پی کے سینئر قائد مرلیدھر راؤ نے رحمت نگر میں بی جے پی کے فلور لیڈر اے مہیشور ریڈی اور رکن پارلیمنٹ ڈی کے ارونا کے علاوہ دیگر قائدین نے اس پد یاترا میں شرکت کی۔ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے بتایا کہ اس الیکشن میں کانگریس کی کامیابی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا اور نہ ہی کانگریس کی شکست سے حکومت کو نقصان ہوگا۔ بی آر ایس انتخابات میں برائے نام ہے۔ صرف کانگریس کی مدد کرنے کیلئے انہوں نے امیدوار کو میدان میں اتارا ہے جبکہ بی جے پی عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود کے ساتھ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کی ترقی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے امیدوار کو کھڑا کیا ہے ۔ ریاست کے عوام نے بی آر ایس اور کانگریس دونوں کو آزمایا ہے ، دونوں نے عوام کو دھوکہ دیا ہے لیکن بی جے پی کو کامیاب بنانے پر وہ مرکزی حکومت سے بڑے پیمانہ پر فنڈس حاصل کرتے ہوئے جوبلی ہلز کو ترقی دینے میں اہم رول ادا کریں گے ۔2