حلقہ میں 4000 اندراماں ہاؤزنگ مکانات کا اعلان، کار کا اسٹیرنگ مودی کے ہاتھ میں، رحمت نگر میں روڈ شو اور کارنر میٹنگ سے خطاب
حیدرآباد 4 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اقلیتی رائے دہندوں کو یقین دلایا کہ ڈسمبر تک جوبلی ہلز میں مسلم قبرستان کے مسئلہ حل کردیا جائیگا اور قبرستان کیلئے اراضی الاٹ کی جائے گی۔ چیف منسٹر جوبلی ہلز ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں کانگریس امیدوار نوین یادو کی مہم کے سلسلہ میں رحمت نگر ڈیویژن میں روڈ شو کے بعد کارنر میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ روڈ شو اور کارنر میٹنگ میں کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے بی آر ایس اور بی جے پی میں مفاہمت کا الزام عائد کیا اور کہاکہ بی آر ایس کو ووٹ دراصل بی جے پی کو ووٹ دینے کے بعد مترادف ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ نے کالیشورم پراجکٹ میں کرپشن کے مسئلہ پر کے سی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا لیکن آج تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کے باوجود کے سی آر کو بچانے کوشش کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ بی آر ایس کی کار نئی دہلی پہونچ کر کنول میں تبدیل ہوجاتی ہے لہذا ووٹرس کو سیاسی شعور کا مظاہرہ کرکے جوبلی ہلز کی ترقی کیلئے کانگریس کو منتخب کرنا چاہئے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ نوین یادو کی کامیابی کے بعد جوبلی ہلز ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائیگا۔ ریونت ریڈی نے الیکشن کے بعد جوبلی ہلز میں اندراماں ہاؤزنگ کے تحت غریبوں کو 4000 مکانات الاٹ کرنے کا وعدہ کیا۔ بی آر ایس کے حق میں ہمدردی کی لہر کے دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ 2007ء میں پی جناردھن ریڈی کے دیہانت کے بعد بی آر ایس نے خیریت آباد سے اُن کے فرزند کے خلاف امیدوار میدان میں اُتارا تھا جبکہ تلگودیشم نے مقابلہ نہیںکیا۔ چیف منسٹر نے ہمدردی کی لہر کے نام پر خواتین کو گمراہ کرنے کا کے ٹی آر پر الزام عائد کیا اور کہاکہ خواتین کی بھلائی کا نعرہ لگانے والے کے ٹی آر پہلے اپنی بہن کو اُن کا جائز حق دیں۔ 10 سالہ اقتدار میں کے سی آر نے جو اثاثہ جات بنائے اُن میں بہن کو حصہ دینے سے انکار کرکے بیدخل کردیا گیا جس کی وہ عوام میں شکایت کررہی ہیں۔ بی آر ایس نے 5 برسوں تک ایک بھی خاتون وزیر کو کابینہ میں شامل نہیں کیا تھا۔ چیف منسٹر نے گزشتہ 22 ماہ میں جوبلی ہلز میں غریبوں کو 14 ہزار نئے راشن کارڈس کی اجرائی کا حوالہ دیا اور کہاکہ 20 ہزار سے زائد خاندان باریک چاول حاصل کررہے ہیں اور 200 یونٹ مفت برقی سربراہی سے استفادہ کررہے ہیں۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت سے کے ٹی آر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور اُنھیں خواتین کی بھلائی ہضم نہیں ہورہی ہے۔ آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی اسکیم کے خلاف آٹو ڈرائیورس کو مشتعل کیا جارہا ہے۔ حکومت آٹو ڈرائیورس کی بھلائی کے اقدامات کریگی۔ حیدرآباد کی ترقی کیلئے میٹرو ریل، آؤٹر رنگ روڈ اور دیگر پراجکٹس کا آغاز کیا گیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ جوبلی ہلز میں بی جے پی امیدوار کی ضمانت بھی نہیں بچے گی ۔ اظہرالدین کی کابینہ میں شمولیت کشن ریڈی کو برداشت نہیں ہے۔ ہندوستان کا نام دنیا میں روشن کرنے والے اظہرالدین کو اپنی کابینہ میں شامل کرکے حیدرآباد کی شان کو برقرار رکھا ہے۔ چیف منسٹر نے بی آر ایس اور بی جے پی میں مفاہمت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ دن میں جھگڑا اور رات میں دوستی ہے۔ نریندر مودی اور امیت شاہ نے کالیشورم پراجکٹ کو کے سی آر کیلئے اے ٹی ایم قرار دیا تھا۔ کشن ریڈی نے کالیشورم کی تحقیقات سی بی آئی کے حوالہ کرنے پر اندرون 24 گھنٹے کے سی آر کو جیل بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ اب جبکہ کانگریس حکومت نے کالیشورم کی تحقیقات کیلئے سی بی آئی کو مکتوب روانہ کیا ہے لیکن 100 دن گزرنے کے باوجود سی بی آئی نے ایف آئی آر درج نہیں کیا۔ فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں 40 کروڑ کی دھاندلی ہوئی اور کے ٹی آر کے خلاف کارروائی کیلئے گورنر سے اجازت طلب کی گئی لیکن تاحال گورنر نے منظوری نہیں دی۔بی آر ایس نے طلاق ثلاثہ، دفعہ 370 اور CAA کے معاملہ میں مودی حکومت کی تائید کی تھی۔سماجی انصاف اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے راہول گاندھی کی قیادت ضروری ہے۔ روڈ شو اور کارنر میٹنگ سے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، وزراء پی سرینواس ریڈی ، محمد اظہرالدین، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور نوین یادو نے مخاطب کیا۔1