جگا ریڈی کی صدارت میں سکندرآباد کے سینئر قائدین کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 10۔ جولائی (سیاست نیوز) سکندرآباد میں کانگریس کے تنظیمی استحکام کیلئے پردیش کانگریس کمیٹی کے انچارج سابق رکن اسمبلی جگا ریڈی کی صدارت میں ضلع کے اہم قائدین کا اجلاس گاندھی بھون میں منعقد ہوا۔ رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو ، پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو ، محمد اظہرالدین اور پارلیمانی حلقہ اور اسمبلی حلقہ جات کے اہم قائدین نے شرکت کی۔ کانگریس ہائی کمان نے وارڈ سطح سے ضلع کی سطح تک تنظیمی استحکام کیلئے کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ سکندرآباد لوک سبھا حلقہ کے علاوہ دیگر اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کا موقف مستحکم ہے ۔ انہوں نے تنظیم سازی کے ذریعہ کارکنوں کو متحرک کرنے کا مشورہ دیا ۔ تنظیمی سطح کے انتخابات جلد مکمل کرلئے جائیں گے اور کمیٹیوں میں متحرک کارکنوں اور قائدین کو نمائندگی دی جائے گی۔ جگا ریڈی نے اجلاس میں شریک قائدین سے تجاویز طلب کیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے مسئلہ پر بھی اجلاس میں غور کیا گیا۔ قائدین کا احساس تھا کہ ضمنی چناؤ میں کانگریس پارٹی کی کامیابی یقینی ہے۔ تمام قائدین کو متحدہ طور پر کام کرنا چاہئے۔1