جوبلی ہلز میں کانگریس کامیاب ہوگی : میناکشی نٹراجن

   

بی آر ایس کو شکست یقینی، بی جے پی کی ضمانت بچنا مشکل، گاندھی بھون میں پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس کی اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن نے کہا کہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ بی آر ایس کو شکست ہوگی اور بی جے پی کا ضمانت بچانا بھی مشکل نظر آرہا ہے۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میناکشی نٹراجن نے کہا کہ جوبلی ہلز میں کانگریس کا موقف کافی مستحکم ہے۔ وہ بھی انتخابی مہم میں حصہ لے چکی ہیں۔ چیف منسٹر، وزراء، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی، کانگریس کے ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل، مختلف کارپوریشن کے صدورنشین، پارٹی امیدوار، نوین یادو کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ ریاست کے عوام کانگریس حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت قومی اداروں کی آزادی کو چھین لے رہی ہے۔ اپنی من مانی کرتے ہوئے انہیں اپنے طریقوں پر کام کرنے کیلئے مجبور کررہی ہے۔ تحقیقاتی ایجنسیوں کے ساتھ الیکشن کمیشن بی جے پی کے دباؤ میں کام کررہے ہیں۔ کانگریس کے قائد راہول گاندھی نے ملک بھر میں ووٹ چوری کے ثبوت پیش کئے ہیں مگر الیکشن کمیشن نے ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی ہے اور نہ ہی اس پر ردعمل ظاہر کرکے ثبوتوں و الزامات کو جھوٹا قرار دیا ہے۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ لوک سبھا کے انتخابات میں انڈیا اتحاد نے مہاراشٹرا میں زبردست کامیابی درج کی ۔ وہیں اسمبلی انتخابات میں انڈیا اتحاد کو بڑی شکست ہوئی ۔ اس طرح ہریانہ کے اسمبلی انتخابات میں تمام سروے کانگریس کے حق میں آئے مگر کامیاب بی جے پی ہوئی ہے۔ راہول گاندھی نے کرناٹک اور بہار میں ووٹوں کی بے قاعدگیوں کو آشکار کیا ہے۔ پھر بھی الیکشن کمیشن خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔2