بی جے پی اور بی آر ایس میں خفیہ مفاہمت، جھوٹے سروے پر عوام کو بھروسہ نہیں، مہیش کمار گوڑ اور بھٹی وکرامارکا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 9 نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے جوبلی ہلز کے ضمنی چناؤ میں کانگریس پارٹی کی کامیابی کو یقینی قرار دیا اور دعوی کیا کہ پارٹی امیدوار نوین یادو 30 تا 50 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ یوسف گوڑہ کانگریس پارٹی کے دفتر میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی، جوپلی کرشنا راؤ، وی سری ہری اور پونم پربھاکر کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ جوبلی ہلز کے رائے دہندے بی آر ایس کی حمایتی چیالنس کی جانب سے وائرل کئے گئے جھوٹے سروے پر بھروسہ کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت اور کانگریس کے 2 سال کی حکمرانی میں فلاحی اسکیمات کا تقابل کرتے ہوئے عوام فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کشن ریڈی اور کے ٹی آر میں خفیہ مفاہمت کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کو ووٹ دینا نوٹا کو ووٹ دینے کے مترادف ہے۔ نوین یادو جوبلی ہلز میں عوامی مسائل سے بہ خوبی واقف ہیں اور وہ طویل عرصہ سے عوامی خدمات کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کے بہکاوے میں عوام ہرگز نہیں آئیں گے۔ کانگریس حکومت نے جوبلی ہلز میں 15,000 سے زائد راشن کارڈس جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کے لئے جوبلی ہلز کے رائے دہندے کانگریس کی تائید کریں گے۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ کانگریس حکومت فلم ورکرس کی بھلائی کے عہد کی پابند ہے۔ گزشتہ 10 برسوں میں جوبلی ہلز کو ترقی سے محروم رکھا گیا۔ کانگریس کی کامیابی کو روکنے کے لئے بی آر ایس اور بی جے پی نے خفیہ مفاہمت کرلی ہے۔ پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی راہ میں دونوں پارٹیاں رکاوٹ بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کو کانگریس پر الزام تراشی سے قبل گوپی ناتھ کی ماں اور فرزند کے سوالات کا جواب دینا ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے بہکاوے میں آئے بغیر کانگریس امیدوار کی تائید کریں جس نے کسی عہدے کے بغیر کئی برسوں تک عوام کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز کی جامع ترقی کے لئے حکومت نے منصوبہ مرتب کیا ہے۔ گزشتہ 2 ماہ میں کئی ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیا۔ نئی دہلی میں انکم ٹیکس دھاوے سے متعلق بی آر ایس لیڈر ہریش راؤ کے الزام پر تبصرہ کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ہریش راؤ 10 سال وزیر رہے اور وہ اس بات سے واقف نہیں کہ نئی دہلی میں میرا کوئی مکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گمراہ کن الزامات کے ذریعہ عوام کو الجھن میں مبتلا کرنے کی سازش ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے دعویٰ کیا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کی مفاہمت کے باوجود کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ 1