جوبلی ہلز کی انتخابی مہم میں شامل کانگریس قائدین سے چیف منسٹر کا فون پر ربط

   

اقلیتوں، پسماندہ طبقات اور نوجوانوں پر خصوصی توجہ کی ہدایت،جلسوں سے زیادہ شخصی ملاقاتوں کا مشورہ

حیدرآباد 28 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جوبلی ہلز کی انتخابی مہم میں متحرک ریاستی وزراء، ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین سے خواہش کی کہ وہ اِس بات کی مساعی کریں کہ ضمنی چناؤ میں کانگریس امیدوار کی حمایت میں اضافہ ہو۔ چیف منسٹر نے گزشتہ دو دنوں کے دوران وزراء، عوامی نمائندوں اور سینئر قائدین سے انفرادی طور پر ٹیلیفون پر ربط قائم کیا اور اُنھیں الاٹ کردہ بلدی ڈیویژنس میں انتخابی مہم کی صورتحال پر استفسار کیا۔ چیف منسٹر نے مختلف ذرائع سے کئے گئے سروے رپورٹس کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے کہاکہ ضمنی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے تاہم اِس بات کی کوشش کی جائے کہ اکثریت میں اضافہ ہو تاکہ حکومت کی 22 ماہ کی کارکردگی پر عوامی ریفرنڈم مثبت ثابت ہو۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے انتخابی مہم میں گروپ میٹنگس اور گھر گھر پہونچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا اور کہاکہ انفرادی طور پر رائے دہندوں کو حکومت کی فلاحی اسکیمات سے واقف کرایا جائے تاکہ اپوزیشن کی مخالف مہم کا جواب دیا جاسکے۔ چیف منسٹر نے ہر سطح پر سوشل میڈیا کے استعمال کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور کہاکہ بی آر ایس کی جانب سے حکومت کے خلاف سوشل میڈیا اور یو ٹیوب چیانلس کا استعمال کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سوشل میڈیا مہم کا مقابلہ کرنے کے لئے کانگریس کی ٹیم کو بھی متحرک ہونا چاہئے۔ چیف منسٹر نے اپنے 4 روزہ انتخابی مہم کے پروگرام کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہاکہ جس ڈیویژن میں بھی روڈ شو ہوگا، صرف اُسی ڈیویژن کے انچارج قائدین شرکت کریں اور دوسرے اپنے الاٹ کردہ علاقوں میں مہم کو جاری رکھیں۔ اُنھوں نے کہاکہ فلاحی اسکیمات کے بارے میں عوام کی عدم واقفیت کے نتیجہ میں جوبلی ہلز میں بی آر ایس کو مخالف حکومت مہم کا موقع مل رہا ہے۔ اُنھوں نے اسکیمات اور اُن کے فوائد پر مشتمل پمفلیٹس عوام میں تقسیم کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے اضلاع سے تعلق رکھنے والے قائدین کی مؤثر رہنمائی کے لئے مقامی قائدین کو ذمہ داری دی۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر دورہ میں پارٹی امیدوار کی شمولیت پر اصرار نہ کیا جائے کیوں کہ جہاں بھی ضروری ہوگا پارٹی امیدوار مہم میں شامل ہوں گے۔ امیدوار کی جانب سے انفرادی طور پر مہم چلائی جائے گی۔ چیف منسٹر نے مہم کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کو ملحوظ رکھنے کا مشورہ دیا اور کہاکہ بی آر ایس کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی کے بارے میں الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی جائے۔ نومبر کے پہلے ہفتہ میں کانگریس پارٹی نے انتخابی مہم پر پوری طاقت جھونک دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کا کہنا تھا کہ پارٹی ہائی کمان کی ضمنی چناؤ پر نظر ہے اور مہم میں نمایاں رول ادا کرنے والے قائدین کو ہائی کمان کی سطح پر نہ صرف شناخت حاصل ہوگی بلکہ اُنھیں پارٹی اور حکومت کے اہم عہدوں کے لئے ترجیح دی جاسکتی ہے۔ اُنھوں نے اقلیت، پسماندہ طبقات اور نوجوان رائے دہندوں پر خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیا۔1