مفت برقی اور مفت بس سفر ، حلقہ کی ترقی ، مزید ترقی کے لیے کروڑہا روپئے خرچ کرنے کا منصوبہ
حیدرآباد۔29۔اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیمات سے جوبلی ہلز کے 1لاکھ سے زائد رائے دہندے مستفید ہوئے ہیں۔ حکومت تلنگانہ کے ذرائع کی جانب سے کئے گئے دعوے کے مطابق 3لاکھ 98 ہزار جوبلی ہلز کے رائے دہندوں میں 1لاکھ رائے دہندوں نے گذشتہ دو برسوں کے دوران استفادہ حاصل کیا ہے جن میں 200 یونٹ مفت برقی کی اسکیم سے استفادہ حاصل کرنے والوں کے علاوہ بس میں مفت سفر کرنے والی خواتین بھی شامل ہیں۔ سرکاری ذرائع سے جاری کردہ تفصیلات میں کہاگیا ہے کہ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلزسے تعلق رکھنے والے 19ہزار 658 خاندان 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر اسکیم سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں جبکہ 25ہزار 925 گھروں کو جوبلی ہلز حلقہ اسمبلی میں 200 یونٹ مفت برقی سربراہی یقینی بنائی جارہی ہے۔حکومت نے ریاست میں نئے راشن کارڈس کی اجرائی کا جو سلسلہ شروع کیا ہے اس کے تحت حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں مجموعی طور پر 14ہزار197 خاندانوں کو راشن کارڈس کی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ 11ہزار328 افراد کو اس حلقہ اسمبلی میںآسراوظائف جاری کئے جا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں اسپیشل ڈیولپمنٹ فنڈ کے ذریعہ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں 5کروڑ 51لاکھ کے ذریعہ سڑکوں کی مرمت و تعمیر کے اقدامات کئے جار ہے ہیں۔ذرائع کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں زیر زمین برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے برقی تاروں کی تنصیب کے لئے 162کروڑ کا منصوبہ تیار کیا ہے۔علاوہ ازیں محکمہ برقی کی جانب سے حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں 11کروڑ کی لاگت سے نئے ٹرانسفارمرس کی تنصیب اور نئی برقی تاروں کو نصب کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔حکومت نے ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے جن تفصیلات کا انکشاف کیا ہے اس کے مطابق حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں مختلف بڑے جنکشن کو ترقی دینے کے لئے 826 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا منصوبہ تیار کیاگیا ہے ۔اسی طرح حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں پینے کے پانی اور سیوریج کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے 6کروڑ 43 لاکھ روپئے منظور کئے جاچکے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے خواتین کے لئے مفت بس کے سفر کی سہولت شروع کئے جانے کے بعد سے اب تک حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز سے تعلق رکھنے والی خواتین نے مفت بس کے سفر کے ذریعہ 120 کروڑ روپئے کی بچت کی ہے۔حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں جاری کی گئی ان تفصیلات کے ذریعہ رائے دہندوں کو یہ پیغام دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ریاستی حکومت نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے عوام کے لئے متعدد اسکیمات کے ذریعہ انہیں فائدہ پہنچایا جاچکا ہے ۔3