جودھپور میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے دیا بڑا بیان : غیر ملکی ٹی شرٹ پہن کر بھارت جوڑنے نکلے ہیں راہل بابا

   

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی ‘بھارت جوڑو یاترا’ پر حملہ کرتے ہوئے ہفتہ کو کہا کہ انہیں پہلے ہندوستان کی تاریخ پڑھنی چاہئے ۔ ساتھ ہی انہوں نے راجستھان کی گہلوت سرکار پر ووٹ بینک اور پولرائزیشن کی پالیسی اپنانے کا الزام لگایا ۔ امت شاہ یہاں راون چبوترا میدان میں بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے ‘بوتھ کارکرتا سنکلپ مہا سمیلن’ سے خطاب کررہے تھے ،راہل گاندھی کی ‘بھارت جوڑو یاترا’ کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی ابھی راہل بابا بھارت جوڑو یاترا پر نکلے ہیں ۔ غیر ملکی ٹی شرٹ پہن کر وہ بھارت جوڑنے نکلے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں راہل بابا اور کانگریسیوں کو پارلیمنٹ میں کی گئی ان کی تقریر یاد دلاتا ہوں۔ راہل گاندھی نے کہا تھا کہ ہندوستان نیشن ہے ہی نہیں ۔ راہل بابا ، کس کتاب میں آپ نے یہ پڑھا ہے ؟ یہ تو وہ ملک ہے جس کیلئے لاکھوں لاکھ لوگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔