جوس بٹلر کا T20 میں طوفان، 10 ہزار رن مکمل

   

لندن: ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں 23 جون کو ڈربی شائر کے خلاف لنکاشائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے جوس بٹلر نے طوفان مچادیا۔ بٹلر نے میچ میں 39 گیندوں میں 8 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 83 رن کی طوفانی اننگز کھیلی۔ اپنی اننگز کے دوران بٹلر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنے 10 ہزار رن پورے کرلئے۔ بٹلر انگلینڈ کی جانب سے 10 ہزار ٹی ٹوئنٹی رن بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ وہیں، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دس ہزار یا اس سے زیادہ رن بنانے والے دنیا کے 9ویں کھلاڑی بن گئے ۔ بٹلر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے تیز دس ہزار رن مکمل کرنے والے دنیا کے پانچویں بلے باز ہیں۔ بٹلر نے 350 ویں اننگز میں اپنے ٹی ٹوئنٹی کریئر میں 10ہزار رن بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ویسے، بٹلر انگلینڈ کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں یہ کارنامہ سب سے تیز انجام دینے میں کامیاب رہے ہیں۔ بٹلر سے پہلے ایلکس ہیلس نے 352 اننگز میں یہ ریکارڈ حاصل کیا تھا۔ ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین 10,000 رنز بنانے کا ریکارڈ کرس گیل کے نام ہے۔ گیل نے صرف 285 اننگز میں 10000 رنز بنائے تھے۔ ویراٹ کوہلی دوسرے نمبر پر ہیں۔ کوہلی نے یہ کارنامہ 299 اننگز میں انجام دیا۔ ڈیوڈ وارنر (303 اننگز) اور آرن فنچ (327 اننگز) نے بھی اپنے T20 کیریئر میں 10000 رنز مکمل کئے۔